پاکستانی آئی ٹی وفد کے اعزاز میں شکاگو میں ظہرانہ
پاکستان امریکن شکاگولینڈ چیمبر آف کامرس نے پاکستان امریکہ ٹیک کنیکٹ کانفرنس میں شرکت کے لیے شکاگو پہنچنے والے پاکستانی آئی ٹی وفد کے اعزاز میں خیرمقدمی ظہرانے کا اہتمام کیا۔ فیصل جیدی کی سربراہی میں آنے والے وفد میں نجی شعبے کی مختلف آئی ٹی کمپنیوں کے نمائندے شامل ہیں۔
چیمبر کے چیئرمین ڈاکٹر طارق بٹ اور صدر نوید انور نے وفد اور دیگر مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔ تقریب میں امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ، قونصل جنرل زمان مہدی، ریاست الینوائے کے محکمہ تجارت کے نمائندوں اور چیمبر کے ارکان نے شرکت کی۔تقریب کے دوران پاکستان اور امریکہ کے درمیان ٹیکنالوجی اور تجارتی تعاون بڑھانے، پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں کو امریکی کاروباری اداروں سے منسلک کرنے اور نئی منڈیوں تک رسائی کے مواقع پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستانی نژاد امریکی کاروباری برادری دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان روابط کو مضبوط تجارتی شراکت داریوں میں تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔چیمبر کے صدر نوید انور نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، جن سے دونوں ممالک باہمی مفاد کے لیے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر ان مواقع کو عملی شراکت داریوں میں بدلنے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔قونصل جنرل زمان مہدی نے ظہرانے کے انعقاد اور پاکستانی وفد کو شکاگو کی کاروباری برادری سے روابط قائم کرنے کے مواقع فراہم کرنے پر چیمبر کا شکریہ ادا کیا۔تقریب کے دوران چیمبر کے نائب صدر رانا خرم کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی، جو پاکستان میں ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے تھے۔ شرکاء نے چیمبر اور پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے لیے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔