اٹلی کی معروف بولونیا یونیورسٹی نے تعلیمی سال دو ہزار چھبیس تا دو ہزار ستائیس کے لیے پولیٹیکل اور سوشل سائنسز میں پی ایچ ڈی پروگرام کے لیے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔
چار سالہ اس تحقیقی پروگرام میں بین الاقوامی طلبہ کو اسکالرشپس بھی فراہم کی جائیں گی جبکہ تدریس کی زبان انگریزی ہوگی اور پروگرام کا آغاز یکم نومبر دو ہزار چھبیس سے ہوگا۔یونیورسٹی کے مطابق اس پروگرام میں سیاسیات، قانون، معاشیات اور سماجی علوم کے مختلف شعبوں میں تحقیق کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ طلبہ کو جدید تحقیقی طریقوں، سیمینارز، ورکشاپس اور ماہر اساتذہ کی نگرانی میں تحقیق کرنے کا موقع دیا جائے گا۔اس پروگرام کے تحت منتخب طلبہ کو ماہانہ تقریباً تیرہ سو پچاس یورو تک وظیفہ دیا جائے گا تاکہ وہ اپنی تحقیق پر مکمل توجہ دے سکیں۔ امیدواروں کے لیے متعلقہ شعبے میں ماسٹرز ڈگری، انگریزی زبان پر عبور اور مضبوط تحقیقی صلاحیت ضروری قرار دی گئی ہے۔بولونیا یونیورسٹی کے مطابق اس پروگرام کے لیے آن لائن درخواستیں تیس مارچ دو ہزار چھبیس تک جمع کرائی جا سکیں گی جبکہ منتخب امیدواروں کو یورپ کے قدیم ترین تعلیمی اداروں میں سے ایک میں عالمی معیار کی تحقیق کا موقع ملے گا۔