vosa.tv
Voice of South Asia!

فرانس میں سپرمارکیٹوں پرسائبرحملہ

0

فرانس میں سائبر حملے کے ذریعے کئی سپر مارکیٹوں کے فریج اور فریزر کا کولنگ سسٹم متاثر کیا گیا، جس سے درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ نتیجتاً بڑی مقدار میں خوراک خراب ہو گئی جبکہ بعض مقامات پر آگ لگنے کے واقعات بھی پیش آئے۔

برطا نوی خبررساں ادارے رائٹرز کے مطا بق پیرس پراسیکیوٹر کے دفتر نے پیر کو بتایا کہ فرانس بھر میں خوراک فروخت کرنے والے کئی بڑے اداروں کے منسلک ریفریجریشن سسٹمز کو بڑے پیمانے پر سائبر حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ حملے کے باعث خوراک ضائع ہونے کے ساتھ آگ لگنے کے واقعات بھی سامنے آئے۔

ہیکرز نے اس حملے میں سپر مارکیٹس کے ڈیجیٹل ریفریجریشن سسٹمزیعنی  کولنگ سسٹمزکو نشانہ بنایا اور انہیں ہیک کرکے ڈیفروسٹ موڈ پر لگا دیا، جس کی وجہ سے فریج اور فریزر کا درجہ حرارت بڑھ کر 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ اس شدید گرمی کے باعث گوشت، سبزیوں اور جمی ہوئی اشیا سمیت تمام تازہ خوراک اور فروزن پروڈکٹس خراب ہو گئیں، اور حفظان صحت کے اصولوں کے پیش نظر سپر مارکیٹ انتظامیہ کو لاکھوں یورو مالیت کا سارا کھانا ضائع کرنا پڑا۔

فرانسیسی وزیراعظم سباستیاں لیکورنو نے ملک کے قومی سائبر سیکیورٹی ادارے اے این ایس ایس آئی کو واقعے کی تحقیقات کی ہدایت کی ہے۔ حکام یورپی ممالک کے ساتھ رابطے میں بھی ہیں تاکہ معلوم کیا جاسکے کہ آیا یہ حملہ دیگر ملکوں میں بھی ہوا ہے اور فرانس میں مزید کون سی کمپنیاں اس سے متاثر ہوسکتی ہیں ۔سائبر خطرات کا تجزیہ کرنے والے ادارے سیکوئیا کے سینئر تجزیہ کار فیلکس ایمے کے مطابق اسپین، پرتگال، پولینڈ، جرمنی اور بیلجیم میں بھی اس نوعیت کے حملے رپورٹ ہوئے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.