vosa.tv
Voice of South Asia!

پری کے اور تھری کے داخلے، والدین فوری درخواست دیں

0

نیویارک کے میئر زوہرن ممدانی نے ستائیس فروری کی آخری تاریخ سے قبل شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کے لیے پری کے اور تھری کے پروگرامز میں فوری درخواست جمع کروائیں۔ 

میئر نے مارننگ سائیڈ ہائٹس میں ایک پروگرام کا دورہ کیا اور والدین کو یاد دلایا کہ دو ہزار چھبیس میں تین یا چار سال تک کے بچوں کے لیے درخواست دینا ضروری ہے۔ حکام کے مطابق مقررہ تاریخ تک درخواست دینے والے ہر شہری کو داخلے کی پیشکش کی جائے گی اور درخواستیں پہلے آؤ پہلے پاؤ کی بنیاد پر نہیں ہیں۔میئر ممدانی کا کہنا تھا کہ شہر میں بچوں کی دیکھ بھال کے اخراجات سالانہ چھبیس ہزار ڈالر سے زیادہ ہو سکتے ہیں، جو بہت سے شہریوں کے لیے بڑا مالی بوجھ ہے۔ پری کے اور تھری کے پروگرام مکمل طور پر مفت ہیں اور ان میں داخلہ شہریوں کے اخراجات کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ یہ سہولت تمام شہریوں کے لیے دستیاب ہے، چاہے ان کی آمدنی، امیگریشن اسٹیٹس یا بولی جانے والی زبان کچھ بھی ہو۔یہ پروگرام بچوں کو ابتدائی تعلیم، سماجی نشوونما اور سیکھنے کے بہتر مواقع فراہم کرتے ہیں۔ درخواست آن لائن جمع کروائی جا سکتی ہے، سٹی فیملی ویلکم سینٹرز سے رجوع کیا جا سکتا ہے یا فون کے ذریعے بھی معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔ آن لائن نظام تیرہ زبانوں میں دستیاب ہے جن میں اردو بھی شامل ہے۔ چودہ جنوری سے اب تک پچھتر ہزار سے زائد خاندان درخواست دے چکے ہیں جبکہ شہر بھر میں آگاہی مہم جاری ہے۔شہر کی یونیورسل چائلڈ کیئر پالیسی کے تحت اس سال خزاں میں پہلی بار دو کے پروگرام کی دو ہزار نشستیں بھی شروع کی جائیں گی۔ حکام کے مطابق آنے والے مہینوں میں طلب کے مطابق تھری کے پروگرام کی گنجائش مزید بڑھائی جائے گی اور کمیونٹی اور گھریلو سطح پر بچوں کی دیکھ بھال فراہم کرنے والوں کے ساتھ شراکت داری کو بھی وسعت دی جائے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.