امریکی ریاست روڈ آئی لینڈ کے شہر پاوٹکیٹ میں ایک آئس رِنک میں ہائی اسکول ہاکی میچ کے دوران فائرنگ کے واقعے میں کم از کم تین افراد ہلاک اور تین شدید زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق زخمیوں کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
پاوٹکیٹ پولیس چیف ٹینا گونکالوز نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں مبینہ حملہ آور بھی شامل ہے۔ ان کے مطابق ایک شخص موقع پر ہی ہلاک ہوا جبکہ دوسرا زخمی اسپتال میں دم توڑ گیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حملہ آور کی موت خود کو گولی مارنے سے ہوئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ بظاہر ٹارگٹڈ تھا اور ممکنہ طور پر خاندانی تنازع سے جڑا ہو سکتا ہے، تاہم مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں اور متاثرین کے نام ظاہر نہیں کیے گئے۔مقامی میڈیا کے مطابق میچ کی لائیو اسٹریمنگ کے دوران تقریباً 13 گولیوں کی آواز سنی گئی، جس کے بعد کھلاڑیوں اور تماشائیوں میں بھگدڑ مچ گئی۔ شہر کے میئر نے بتایا کہ میچ میں مختلف مقامی اسکولوں کے طلبہ شریک تھے۔