vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک میں ورلڈ حجاب ڈے کے موقع پر نیویارک پولیس کے زیرِ اہتمام پروقار تقریب

0

نیویارک میں ورلڈ حجاب ڈے کے موقع پر نیو یارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے کمیونٹی افیئرز بیورو اور امیگرنٹ آؤٹ ریچ یونٹ کے زیرِ اہتمام مختلف کمیونٹی تنظیموں کے تعاون سے ایک بامقصد اور پروقار تقریب منعقد ہوئی۔

ہر سال کی طرح اس سال بھی نیویارک میں ورلڈ حجاب ڈے کے موقع پرایک پروقار اور بامقصد تقریب کا انعقاد کیا گیا،جس کا اہتمام نیو یارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کےکمیونٹی افیئرز بیورو اور کمیونٹی آؤٹ ریچ ڈویژن کی امیگرنٹ آؤٹ ریچ یونٹ نے مختلف کمیونٹی بیسڈ تنظیموں کے اشتراک سے کیا۔یہ تقریب کوئنز کے میونا سینٹر آف نیویارک میں واقع اوزون پارک میں منعقد ہوئی،جس میں مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے سماجی رہنماؤں، کمیونٹی نمائندوں، خواتین، نوجوانوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے شرکت کی۔تقریب کا مقصد حجاب کی ثقافتی، مذہبی اور سماجی اہمیت کو اجاگر کرنا اور مختلف کمیونٹیز کے درمیان ہم آہنگی، برداشت اور باہمی احترام کو فروغ دینا تھا۔پروگرام کے دوران خواتین کے حقوق، مذہبی آزادی اور شناخت کے احترام پر گفتگو کی گئی،جبکہ حجاب پہننے والی خواتین کو درپیش سماجی چیلنجز اور ان کے حل پر بھی روشنی ڈالی گئی۔اس موقع پر  نیویارک پولیس ڈپارٹمنٹ کے انسپکٹر عدیل رانا  کا کہنا تھا کہ حجاب ڈے کے موقع پر نیو یارک پولیس کا  کمیونٹی کے ساتھ مل کر یہ چوتھا پروگرام ہے  جس کا مقصد ہمارے دین اور ثقافت میں حجاب کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔کونس آف پیپلز آرگنائزیشن کے سربراہ محمد رضوی  نے ورلڈ حجاب ڈے کے موقع پر  اپنے تاثرات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ  اس نوعیت کےپروگرام اس لئے بھی ضروری ہیں تاکہ ہماری کمیونٹی میں لوگوں  کی یہ غلط فہمی دور ہو سکے کہ  نیو یارک  میں حجاب کے ساتھ کام  نہیں کر سکتے۔ تقریب میں شریک  کوئنز ساؤتھ کے  کمانڈر آفیسر چیف میک انٹوش  اور دیگر نیو یارک پولیس افسران   کا کہنا تھا کہ یہ دن تمام مذاہب اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کو حجاب کے مفہوم کو سمجھنے کا موقع فراہم کرتا ہے، جو عزت، انتخاب، وقار اور احترام کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل حجاب ڈے ہمدردی، باہمی احترام اور غلط فہمیوں کے خاتمے کو فروغ دیتا ہے، جبکہ نیویارک پولیس مسلم کمیونٹی سمیت ہر نیویارکر کے حقوق، آزادی اور تحفظ کے لیے پُرعزم ہے۔تقریب میں متعدد معروف کمیونٹی تنظیموں نے شرکت کی،جن میں مونا سوشل سروسز، ورلڈ حجاب ڈے آرگنائزیشن، مسلم آفیسرز سوسائٹی ، عرب امریکن لا انفورسمنٹ ایسوسی ایشن، راجہ کمیونٹی سینٹر، اروا کمیونٹی ڈیولپمنٹ سینٹر، کونسل آف پیپلز آرگنائزیشن، ممتاز  حجاب، پیپل اِن نیڈ اور نیو یارک سٹی میئرز آفس آف ماس انگیجمنٹ شامل تھیں۔ شرکاء نے اس موقع پر کمیونٹی سروس، رضاکارانہ خدمات اور بین المذاہب و بین الثقافتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔آخر میں منتظمین کی جانب سے تمام رضاکاروں، شراکت دار اداروں اور معاون تنظیموں کا شکریہ ادا کیا گیا، جن کے تعاون سے یہ تقریب کامیابی کے ساتھ منعقد ہوئی۔تقریب کو شرکاء کی جانب سے نہایت مثبت ردعمل ملا اور اسے نیویارک میں کمیونٹی انگیجمنٹ اور مذہبی ہم آہنگی کی ایک کامیاب مثال قرار دیا گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.