vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک:ملازمت پرجاتا ہوا پاکستانی نوجوان سفرِ آخرت پرروانہ ہوگیا

0

نیویارک (نیوزڈیسک)میں دو روز قبل ملازمت پر جاتے ہوئے سڑک کنارے چلتے چلتے اچانک گر کرجاں بحق ہونے والے پاکستانی نژاد نوجوان ارمان عزیز کو آہوں اور سسکیوں کے ساتھ نیوجرسی میں سپردِ خاک کردیا گیا۔

نیویارک میں مقیم  کشمیری امریکن کمیونٹی کے  22 سالہ نوجوان ارمان عزیز دو روز قبل صبح کے وقت بروکلین کے علاقے کنگ ہائی ویز کی سائیڈ واک پر پیدل چلتا ہوا اپنی ملازمت پرجارہا تھا کہ چلتے چلتے اچانک  گرا اور روح  پرواز کر گئی۔

نوجوا ن کے یوں اچانک  انتقال کی خبر نہ صرف اس کے والدین پر بجلی بن کرگری بلکہ پوری کمیونٹی کو سوگوار کردیا۔ ارمان عزیز کی  موت کی تصدیق کے بعد اس کی  میت کونی آئی لینڈ ایونیو پر واقع الریان مسلم فیونرل سروسز منتقل کی گئی جہاں اسےغسل کفن دیا گیا اور نمازِ جمعہ کے بعد مکی مسجد میں اس   کی نمازِ جنازہ ادا کی گئی ۔

نمازِ جنازہ میں  کمیونٹی کی کثیر تعداد شریک ہوئی اور ہر آنکھ اشکبار تھی۔نمازیوں  سے خطاب میں مسجد کے پیش امام راجہ منصف کا کہنا تھا کہ انسان دنیا میں خالی ہاتھ آتا  ہے اوراس کی تمام جائیداد ودولت یہیں رہ جاتی ہے،اگر کچھ ساتھ  جاتا ہے تو وہ اس کے اعمال ہیں، تو کوشش کریں دنیا سے زیادہ اپنی آخرت کو سنواریں۔

نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد نوجوان ارما ن عزیز کو ریاست نیوجرسی  کے جرسی اسٹیٹ میموریل قبرستان میں آہوں اور سسکیوں  کے ساتھ سپردِ خاک کردیا گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.