نیویارک کے میئر زوہران ممدانی نے صحافی اور کمیونٹی میڈیا ماہر مزین صید احمد کو میئر کے ایتھنک کمیونٹی میڈیا دفتر کا ایگزیکٹو ڈائریکٹر مقرر کردیا۔
مزین صید احمد تارکینِ وطن کی کمیونٹی کیلئے کام کرنے والے غیر منافع بخش خبر رساں ادارے کے شریک بانی اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہیں اور صحافت و کمیونٹی میڈیا میں تقریباً 15 سال کا تجربہ رکھتے ہیں۔وہ شہر کے مختلف اداروں کی تشہیری اور ابلاغی سرگرمیوں کی نگرانی کریں گے تاکہ نیویارک کے شہریوں کو ان کی زبان اور مقامی کمیونٹی کے مطابق سرکاری خدمات اور پروگرامز سے آگاہی مل سکے۔میئر کے نسلی و کمیونٹی میڈیا دفتر کا قیام 2021 کے ایک مقامی قانون کے تحت عمل میں آیا تھا، جس کے مطابق شہر کے اداروں کو اپنی تشہیری رقم کا کم از کم 50 فیصد نسلی اور کمیونٹی میڈیا اداروں کو دینے کی کوشش کرنا ہوتی ہے۔مزین صید احمد نے اس تقرری پر کہا کہ وہ نیویارک کی مختلف کمیونٹیز اور مقامی میڈیا کے درمیان رابطے کو مزید مضبوط بنانے کیلئے کام جاری رکھیں گے۔ اس سے قبل وہ لبنان میں گارڈین اور ڈیلی اسٹار سے وابستہ صحافی بھی رہ چکے ہیں۔