vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک میں مسلم کمیونٹی اور گورنر کیتھی ہوکل کی اہم ملاقات

0

امریکی ریاست نیویارک کے شہر ہکس ول میں مسلم کمیونٹی اور گورنر کیتھی ہوکل کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں اسلامو فوبیا، نفرت انگیز بیانیے اور کمیونٹی کے تحفظ سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی۔

فرینڈز آف پاتھ کے زیرِ اہتمام منعقدہ تقریب میں مسلم کمیونٹی کے نمائندوں نے اپنے مسائل اور خدشات گورنر کے سامنے پیش کیے۔ مقررین نے کہا کہ سیاسی اختلاف رائے جمہوری عمل کا حصہ ہے، تاہم مذہب کی بنیاد پر نفرت انگیزی قابلِ قبول نہیں۔گورنر کیتھی ہوکل نے اپنے خطاب میں مسلم کمیونٹی کو نیویارک کا اہم حصہ قرار دیتے ہوئے اس کے تحفظ اور سلامتی کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست نے مساجد سمیت مختلف عبادت گاہوں کی سیکیورٹی کیلئے 7 کروڑ ڈالر مختص کیے ہیں۔ گورنر کے دفتر کے مطابق ریاست نیویارک نے مسلمان امریکی ورثے کے اعتراف کیلئے جنوری کو مسلمان امریکی ورثے کا مہینہ بھی قرار دیا ہے۔گورنر ہوکل نے ناساؤ کاؤنٹی کے ایگزیکٹو بروس بلیک مین کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو مذہب کی بنیاد پر تقسیم کرنا اور اسلامو فوبیا کو فروغ دینا درست نہیں۔ انہوں نے 9/11 کے واقعات میں مسلمان متاثرین اور مسلمان امدادی کارکنوں کی خدمات کا بھی ذکر کیا۔تقریب کے اختتام پر گورنر نے شرکا سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور تصاویر بنوائیں، جبکہ تمام مہمانوں کیلئے کھانے کا بھی اہتمام کیا گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.