vosa.tv
Voice of South Asia!

سابق کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے اپنی پروڈکشن کمپنی لانچ کردی

0

نیویارک(نیوزڈیسک)سابق کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے سیاست کے بعد شوبز کی دنیا میں بھی قدم رکھ دیا، انہوں نے میڈیا اور انٹرٹینمنٹ پروڈکشن کمپنی’ہوپ اینڈ ہارڈ ورک‘لانچ کردی ہے، جو فلم، ٹی وی، آڈیو اور لائیو تجربات کے لیے کہانیاں پیش کرے گی۔

سابق کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے میڈیا اور انٹرٹینمنٹ کے شعبے میں اپنی پروڈکشن کمپنی ’’ہوپ اینڈ ہارڈ ورک‘‘ لانچ کردی۔یہ کمپنی ٹروڈو نے اپنی طویل عرصے تک چیف آف اسٹاف رہنے والی کیٹی ٹیلفورڈ کے ساتھ مل کر قائم کی ہے، جس کا مقصد فلم، ٹیلی ویژن، آڈیو اور لائیو تجربات کے ذریعے لوگوں کو ایک دوسرے سے جوڑنے والی کہانیاں پیش کرنا ہے۔

کمپنی کا نام ’’ہوپ اینڈ ہارڈ ورک‘اس جملے سے لیا گیا ہے جسے ٹروڈو نے 2013 میں لبرل پارٹی کے سربراہ بننے کے بعد اپنی تقاریر میں باقاعدگی سے استعمال کیا تھا۔پروڈکشن کمپنی کا آغاز ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے دوران ہوا ہے، جو 20 ستمبر تک جاری رہے گا۔54 سالہ جسٹن ٹروڈو نے گزشتہ سال جنوری میں کینیڈا کے وزیراعظم کے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد مارک کارنی نے ان کی جگہ لی۔

ٹروڈو کا انٹرٹینمنٹ کے شعبے میں قدم سابق امریکی صدر باراک اوباما اور سابق خاتون اول مشیل اوباما کے نقشِ قدم پر ہے، جنہوں نے 2018 میں ’ہائیئر گراؤنڈ پروڈکشنز‘قائم کی تھی۔ٹروڈو کے نئے منصوبے کے تحت مختلف میڈیا پلیٹ فارمز کے لیے مواد تیار کیا جائے گا، تاہم کمپنی کے پہلے پروجیکٹس کی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئی ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.