نیویارک سٹی میں ویسٹ نائل وائرس کے کیسز میں اضافہ
نیویارک (نیوزڈیسک)سٹی میں ویسٹ نائل وائرس کے کیسز میں اضافہ سامنے آیا ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق شہر کے پانچوں بوروز میں اب تک 23 افراد میں ویسٹ نائل وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے اسپیکٹرم نیوز پر جاری محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق بروکلین میں 8، کوئنز میں 5، اسٹیٹن آئی لینڈ میں 5، برونکس میں 3 اور مین ہٹن میں 2 افراد ویسٹ نائل وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔یہ وائرس بنیادی طور پر متاثرہ مچھر کے کاٹنے سے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے اور عام میل جول یا ایک شخص سے دوسرے شخص تک براہِ راست نہیں پھیلتا۔
حکام کے مطابق نیویارک سٹی کے پانچوں بوروز میں جون سے ہی ویسٹ نائل وائرس کی موجودگی سامنے آ رہی ہے، جبکہ رواں سال اب تک 1600 سے زیادہ ٹیسٹ مثبت آ چکے ہیں۔محکمہ صحت کے مطابق زیادہ تر متاثرہ افراد میں کوئی خاص علامات ظاہر نہیں ہوتیں، تاہم کچھ لوگوں کو بخار، سر درد، جسم میں درد، جلد پر دانے اور تھکن جیسی علامات کا سامنا ہو سکتا ہے۔تقریباً ہر 150 متاثرہ افراد میں سے ایک کو دماغ اور ریڑھ کی ہڈی کو متاثر کرنے والی سنگین بیماری لاحق ہو سکتی ہے۔
عمر رسیدہ افراد اور کمزور مدافعتی نظام رکھنے والے افراد میں شدید بیماری کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔نیویارک کے محکمہ صحت نے شہریوں کو مچھروں سے بچاؤ کے لیے کیڑے مار دوا استعمال کرنے، باہر نکلتے وقت پوری آستین کی قمیض اور پینٹ پہننے اور صبح و شام کے اوقات میں غیر ضروری طور پر باہر رہنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔