سعودی عرب کا 96واں قومی دن،آسمان پر رنگ بکھیرنے کی تیاریاں
نیویارک (نیوزڈیسک)سعودی عرب کے 96ویں قومی دن کی تقریبات کے لیے رائل سعودی ایئر فورس نے بھی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ مشہور ایروبیٹک ٹیم سعودی فالکنز جدہ پہنچ گئی ہے، جہاں آسمان پر شاندار فضائی کرتب پیش کیے جائیں گے۔
سعودی عرب کی وزارتِ دفاع نے قومی دن کی تقریبات کے لیے رائل سعودی ایئر فورس کے لڑاکا طیاروں کو نئی اور خصوصی رنگت دے دی ہے۔نئے ڈیزائن میں سعودی عرب کی قومی شناخت اور ثقافت کو نمایاں کیا گیا ہے۔طیاروں کے اگلے حصے کو چمکدار سیاہ رنگ دیا گیا ہے، جس پر عربی خطاطی میں السعودية لکھا گیا ہے۔
طیاروں کے پچھلے حصے پر سعودی پرچم کے ساتھ بانیِ مملکت شاہ عبدالعزیز آل سعود، شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی تصاویر بھی نمایاں کی گئی ہیں۔قومی دن کی تقریبات کے دوران سعودی فالکنز اور رائل سعودی ایئر فورس کے مختلف لڑاکا طیارے فضائی مظاہروں میں حصہ لیں گے۔
ان میں ٹائیفون، ٹورنیڈو اور ایف-15 طیارے شامل ہیں۔یہ فضائی شوز جدہ، ریاض، دمام اور سعودی عرب کے دیگر بڑے شہروں میں منعقد کیے جائیں گے۔سعودی حکام کے مطابق، ان فضائی مظاہروں کا مقصد قومی دن کی تقریبات کو یادگار بنانا اور سعودی عرب کی قومی شناخت اور فضائی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے۔