نیویارک کے علاقے براؤنس ول میں شدید گرمی اور بارش کے دوران سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ماحول دوست اور جدید بس اسٹاپس کا آزمائشی منصوبہ شروع کردیا گیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق منصوبے کے تحت شہر کا پہلا گرین روف بس اسٹاپ اور گرمی سے محفوظ خصوصی بس اسٹاپ قائم کیا گیا ہے، جن کا مقصد عوامی ٹرانسپورٹ کا انتظار کرنے والے شہریوں کو شدید موسم میں بہتر اور محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے۔ گرین روف بس اسٹاپ کی چھت پر مقامی پودے اور جنگلی پھول لگائے گئے ہیں، جو بارش کے پانی کو جذب کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ حکام کے مطابق چھت 16 گیلن تک بارشی پانی ذخیرہ کرسکتی ہے، جس سے شدید بارش کے دوران پانی کے بہاؤ اور سیلاب کے اثرات کم کرنے میں مدد ملے گی۔دوسرے بس اسٹاپ کی چھت پر سورج کی روشنی منعکس کرنے والا خصوصی مواد لگایا گیا ہے، جس کے باعث آزمائشی اعداد و شمار کے مطابق یہ روایتی بس اسٹاپس کے مقابلے میں تقریباً 25 ڈگری زیادہ ٹھنڈا رہتا ہے۔حکام کے مطابق براؤنس ول کے تقریباً 70 فیصد رہائشی عوامی ٹرانسپورٹ پر انحصار کرتے ہیں۔ گرین روف بس اسٹاپ نومبر تک جبکہ گرمی سے محفوظ بس اسٹاپ آئندہ سال مئی تک آزمائشی طور پر قائم رہے گا۔ شہریوں کی رائے کی بنیاد پر ان منصوبوں کو شہر کے دیگر علاقوں تک بھی توسیع دی جاسکتی ہے۔