vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک میں پاسوو کے زیر اہتمام آٹھویں سالانہ محفل میلاد، حوریہ فہیم کی شرکت

0

نیویارک: پاکستانی امریکن اسکلڈ ویمن آرگنائزیشن (پاسوو) کے زیر اہتمام آٹھویں سالانہ محفل میلادِ مصطفیٰ ﷺ انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوئی، جس میں معروف پاکستانی نعت خواں حوریہ فہیم نے خصوصی شرکت کی۔

امریکی ریاست نیویارک میں کونی آئی لینڈ ایونیو پر واقع گورمے ریسٹورنٹ میں بدھ 16 ستمبر کو ہونے والی روحانی محفل میں مقامی مسلم کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز شام 5 بجے ہوا، جبکہ شرکا کی تواضع کے لیے پکوڑوں اور جلیبی کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔محفل کا باقاعدہ آغاز صفیہ علی کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد سیدہ رشیدہ نے میلادِ مصطفیٰ ﷺ کی مناسبت سے گفتگو کی اور تقریب کی میزبان و پاسوو کی بانی عطیہ شہناز کا شکریہ ادا کیا۔ عطیہ شہناز نے حمدِ باری تعالیٰ پیش کی، جبکہ سیدہ رشیدہ نے عظمیٰ نورین کے ہمراہ منتظمین کو خراجِ تحسین پیش کیا اور قصیدہ بردہ شریف پڑھا۔محفل میں سمیرا اور صفیہ نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں نعتوں کا نذرانہ پیش کیا،جبکہ ننھی بچیوں عائزہ، آئمہ اور امِ ہانی نے اجتماعی طور پر خوبصورت نعت پیش کرکے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔تقریب کے خصوصی مرحلے میں عالمی شہرت یافتہ پاکستانی نعت خواں حوریہ فہیم نے شرکت کی۔ میزبان عطیہ شہناز نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور ان کے تعارف میں کلمات ادا کرنے کے بعد نعت بھی پیش کی۔ بعد ازاں حوریہ فہیم نے حمد و نعت کے ذریعے محفل کو روحانی کیفیت سے منور کردیا۔محفل کے دوران شرکا میں پھولوں کے گجرے بھی تقسیم کیے گئے۔ تقریب کے اختتام پر اجتماعی طور پر درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا گیا، جبکہ میلاد کی خوشی میں خصوصی کیک بھی کاٹا گیا۔ آخر میں تمام مہمانوں اور شرکا کے لیے عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.