شکاگو میں پاکستانی کمیونٹی کی سالانہ حلیم پارٹی، 300 سے زائد افراد شریک
شکاگو کے مضافاتی علاقے اسکوکی میں پاک یو ایس اے یونائیٹڈ کلب شکاگو کے زیرِ اہتمام پاکستانی کمیونٹی کے لیے سالانہ حلیم پارٹی کا انعقاد کیا گیا، جس میں 300 سے زائد افراد نے شرکت کی۔
رپورٹ کے مطابق تقریب کا اہتمام پاک یو ایس اے یونائیٹڈ کلب شکاگو کے صدر جمیل احمد خان نے 13 ستمبر 2026 کو کیا، جس میں کاروباری شخصیات سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے پاکستانی نژاد امریکی شریک ہوئے۔جمیل احمد خان نے بتایا کہ وہ ہر سال پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے تمام افراد کو اس تقریب میں مدعو کرتے ہیں، خواہ ان کا تعلق کسی بھی سیاسی جماعت، برادری یا مذہب سے ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ حلیم کی تیاری میں وقت اور محنت درکار ہوتی ہے، اسی لیے بڑے پیمانے پر حلیم تیار کرکے دعوت کرنا پاکستانی ثقافت اور روایات کا حصہ بن چکا ہے۔تقریب میں شریک کمیونٹی اراکین نے جمیل احمد خان اور پاک یو ایس اے یونائیٹڈ کلب کی جانب سے اس روایت کو برقرار رکھنے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی تقریبات کمیونٹی کے مختلف طبقات کو ایک دوسرے کے قریب لانے اور باہمی اتحاد و یکجہتی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔مہمانوں کی حلیم کے ساتھ ڈبل کا میٹھا، سوجی کا حلوہ اور دیگر لوازمات سے تواضع کی گئی، جبکہ تقریب کے اختتام پر شرکاء کو چائے بھی پیش کی گئی۔شرکاء نے بہترین میزبانی پر جمیل احمد خان کا شکریہ ادا کیا اور پاکستانی ثقافت، روایات اور مہمان نوازی کو شکاگو میں زندہ رکھنے کی اس کوشش کو سراہا۔