vosa.tv
Voice of South Asia!

ڈیٹرائٹ میں اسنا کا 63واں کنونشن، 20 ہزار سے زائد مسلمانوں کی شرکت

0

امریکا کے شہر ڈیٹرائٹ میں اسلامک سوسائٹی آف نارتھ امریکہ (اسنا) کے زیرِ اہتمام مسلمانوں کا بڑا سالانہ کنونشن منعقد ہوا، جس میں امریکا اور کینیڈا سے 20 ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی۔ لیبر ڈے ویک اینڈ کے دوران منعقد ہونے والے 63ویں سالانہ کنونشن میں ایمان، کمیونٹی کی تعمیر، انصاف اور مسلمانوں کو درپیش عصری چیلنجز سمیت مختلف موضوعات پر گفتگو کی گئی۔

شکاگو سے سید خلیل اللہ کے مطابق اسنا کے چیف ایگزیکٹو اظہر عزیز نے بتایا کہ ڈیٹرائٹ میں اسنا کا کنونشن آخری مرتبہ 2014ء میں منعقد ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیٹرائٹ اور ریاست مشی گن میں اسنا کے بڑی تعداد میں ارکان اور حمایتی موجود ہیں، اسی لیے طویل عرصے سے کنونشن کو دوبارہ اس شہر میں لانے کی خواہش تھی۔اس سال کنونشن کا مرکزی پیغام ’’ثابت قدم رہیں، آپس میں جڑیں، خدا سے جڑے رہیں اور حقیقی خوشحالی کے لیے ایک دوسرے کو مضبوط بنائیں‘‘ تھا۔ کنونشن میں 150 سے زائد مقررین نے شرکت کی، جنہوں نے مذہبی اور روحانی موضوعات کے ساتھ اسلامو فوبیا، مسلم مخالف نفرت انگیز بیانیے، مذہبی آزادی اور امریکی مسلم کمیونٹی کو درپیش دیگر عصری مسائل پر بھی اظہارِ خیال کیا۔مشی گن کے ڈیموکریٹک سینیٹ امیدوار ڈاکٹر عبدالسید، ڈیئربورن کے میئر عبداللہ حمود اور شیخ حماد مصطفیٰ المدنی القادری سمیت متعدد معروف شخصیات نے کنونشن سے خطاب کیا۔ مختلف سیشنز میں ذہنی صحت، موسمیاتی تبدیلی، کشمیر، روہنگیا اور فلسطین سمیت عالمی اور علاقائی مسائل پر بھی گفتگو کی گئی۔تین روزہ کنونشن میں مذہبی سیمینارز، پینل مباحثوں اور علمی نشستوں کے علاوہ خواتین کے لیے فیشن شو، فلم فیسٹیول، آرٹ اور فوٹوگرافی کی نمائش، قرأت مقابلہ، صحت سے متعلق نمائش، نوجوان پروفیشنلز کے پروگرام، قیادت سے متعلق نشستیں اور ازدواجی مشاورت کانفرنس سمیت متعدد سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا۔اسنا کے چیف ایگزیکٹو اظہر عزیز کے مطابق سالانہ کنونشن کا بنیادی مقصد مسلم کمیونٹی کو ایک مشترکہ مقصد کے لیے ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا اور مختلف مذاہب و پس منظر رکھنے والے افراد کے درمیان ہم آہنگی اور بہتر افہام و تفہیم کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اجتماع مسلمانوں کو ایک دوسرے سے جڑنے، علم بانٹنے اور اپنے مذہب کی یاد تازہ کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔کنونشن کے دوران کمیونٹی کی طویل عرصے تک خدمات انجام دینے والی شخصیات کو بھی اعزازات سے نوازا گیا۔ امام محمد ماجد کو اسنا لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ جبکہ ڈاکٹر غوث ملک کو اسنا پریزیڈنٹ ایوارڈ دیا گیا۔اسنا کا قیام 1963ء میں عمل میں آیا تھا اور یہ شمالی امریکا کی قدیم مسلم تنظیموں میں شمار ہوتی ہے۔ تنظیم گزشتہ کئی دہائیوں سے سالانہ کنونشنز، نوجوانوں کے پروگرامز، بین المذاہب سرگرمیوں، وظائف، مساجد و چیپلینسی سروسز، ویبینارز اور دیگر فلاحی و سماجی پروگراموں کے ذریعے مسلم کمیونٹی کی خدمت کر رہی ہے۔کنونشن کے اختتامی سیشن میں معروف نشید گلوکاروں، فنکاروں اور مزاح نگاروں نے پرفارمنس پیش کی، جس سے تین روزہ اجتماع کا اختتام تفریحی اور خوشگوار ماحول میں ہوا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.