نیویارک (نیوز ڈیسک)امریکا میں لیبر ڈے ویک اینڈ کے آغاز کے ساتھ ہی لاکھوں افراد چھٹیوں پر روانہ ہو رہے ہیں، ایئرپورٹس اور ہائی ویز پر غیر معمولی رش کی توقع ہے۔ ٹی ایس اے کے مطابق تعطیلات کے دوران 17 ملین سے زائد مسافروں کی سیکیورٹی اسکریننگ کی جائے گی۔دوسری جانب پٹرول کی قیمتیں بھی بلند ہیں، جبکہ بعض علاقوں میں خراب موسم سفری مشکلات بڑھا سکتا ہے۔
لیبر ڈے ویک اینڈ اور امریکا میں سفر کا ایک اور بڑا مرحلہ شروع۔تعطیلات کے موقع پر ایئرپورٹس، ہائی ویز اور سیاحتی مقامات پر لاکھوں امریکیوں کی آمدورفت جاری ہے۔امریکی ٹرانسپورٹیشن سیکیورٹی ایڈمنسٹریشن کے مطابق اس ہفتے تقریباً 17 ملین مسافروں کی ایئرپورٹ سیکیورٹی اسکریننگ متوقع ہے۔یعنی مسافروں کو ایئرپورٹ پہنچنے سے پہلے ہی اضافی وقت کا حساب رکھنا ہوگا، جبکہ پرواز سے قبل فلائٹ اسٹیٹس بھی ضرور چیک کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
فضائی سفر کے ساتھ سڑکوں پر بھی صورتحال آسان نہیں۔بڑی شاہراہوں پر ٹریفک کا دباؤ بڑھنے کی توقع ہے، خاص طور پر تعطیلات کے آغاز اور واپسی کے دنوں میں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ سفر پر نکلنے والے افراد اگر ممکن ہو تو رش کے اوقات سے گریز کریں اور روانگی سے پہلے اپنے روٹ پر ٹریفک کی صورتحال ضرور دیکھ لیں۔گاڑی سے سفر کرنے والوں کے لیے پٹرول کی قیمت بھی اہم مسئلہ ہے۔امریکا کے مختلف علاقوں میں پٹرول کی قیمتیں بلند سطح پر ہیں، جس کے باعث طویل فاصلے کا سفر گزشتہ سال کے مقابلے میں زیادہ مہنگا پڑ سکتا ہے۔
ڈرائیورز کو روانگی سے قبل گاڑی کے ٹائر، بریک، لائٹس اور دیگر بنیادی چیزیں چیک کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔اور سفر کے دوران موسم کو نظر انداز کرنا بھی خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔مختلف علاقوں میں بارش اور گرج چمک کی صورتحال سڑکوں پر ڈرائیونگ اور فضائی سفر کو متاثر کرسکتی ہے۔