vosa.tv
Voice of South Asia!

نائن الیون کی 25ویں برسی، نیویارک میں نئی نسل کو تاریخ سے جوڑنے کا بڑا منصوبہ

0

نیویارک(نیوز ڈیسک )امریکا میں 11 ستمبر کے دہشت گرد حملوں کو 25 برس مکمل ہونے جا رہے ہیں، اور نیویارک سٹی کونسل نے نئی نسل کو اس سانحے کی تاریخ اور اس کے اثرات سے آگاہ رکھنے کے لیے ایک ملین  ڈالر مختص کرنے کا اعلان کیا ہے۔ منصوبے کے تحت نیویارک کےسرکاری اسکولوں کے تقریباً 20 ہزار طلبہ کو 9/11 میموریل اینڈ میوزیم کا مفت دورہ کرایا جائے گا۔

11 ستمبر 2001 امریکا کی تاریخ کا وہ دن جس نے نہ صرف نیویارک بلکہ پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا۔اس سانحے کی 25ویں برسی کے موقع پر نیویارک سٹی میں نئی نسل کو 9/11 کی تاریخ، اس کے انسانی نقصان اور اس کے بعد پیدا ہونے والی تبدیلیوں سے آگاہ کرنے کے لیے بڑا تعلیمی منصوبہ سامنے آیا ہے۔

نیویارک سٹی کونسل کی اسپیکر جولی مینن نے اعلان کیا ہے کہ کونسل ایک ملین  ڈالر نائن الیون میموریل اینڈ میوزیم کے تعلیمی پروگراموں کے لیے فراہم کرے گی۔اس رقم کا بڑا حصہ نیویارک کے سرکاری اسکولوں کے تمام طلبہ کے مفت میوزیم وزٹ پر خرچ ہوگا۔یعنی تقریباً 20 ہزار بچے بغیر کسی فیس کے اس مقام کا دورہ کر سکیں گے جہاں 25 برس قبل دنیا نے ایک ہولناک سانحہ دیکھا۔باقی رقم آن لائن تعلیمی پروگراموں، ورچوئل فیلڈ ٹرپس، تدریسی مواد، آڈیو گائیڈز اور اساتذہ کی تربیت کے لیے استعمال کی جائے گی۔

یہ اقدام اس لیے بھی اہم ہے کہ امریکا میں کروڑوں افراد ایسے ہیں جو 11 ستمبر کے حملوں کے وقت اتنے چھوٹے تھے کہ انہیں اس واقعے کی براہِ راست یاد نہیں، یا وہ اس وقت پیدا ہی نہیں ہوئے تھے۔میوزیم انتظامیہ کے مطابق بہت امریکی ایسے ہیں جو حملوں کو یاد رکھنے کی عمر میں نہیں تھے۔

طلبہ اور والدین کا کہنا ہے کہ نئی نسل کے لیے صرف کتابوں میں تاریخ پڑھنا کافی نہیں، بلکہ ان مقامات کو دیکھنا بھی ضروری ہے جہاں یہ تاریخ رقم ہوئی۔میوزیم کے تعلیمی پروگراموں میں متاثرین کے اہلِ خانہ، زندہ بچ جانے والے افراد اور پہلے پہنچنے والے امدادی کارکنوں کی ذاتی کہانیاں بھی شامل کی جا رہی ہیں۔نیویارک سٹی کونسل کا کہنا ہے کہ مقصد صرف ایک سانحے کو یاد رکھنا نہیں بلکہ قربانی، اتحاد، خدمت اور انسانی ہمت کی ان کہانیوں کو اگلی نسل تک پہنچانا بھی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.