نیویارک:اکنا ریلیف کا بیک ٹو اسکول پروگرام شروع، 50 ہزار بیگ تقسیم کیے جائیں گے
اکنا ریلیف نے امریکا میں رواں تعلیمی سال کے لیے اپنے بیک ٹو اسکول پروگرام کا اعلان کردیا ہے۔ منصوبے کے تحت ملک بھر میں پچاس ہزار اسکول طلبہ میں بیگ تقسیم کیے جائیں گے۔
اکنا ریلیف یو ایس اے کے نارتھ ایسٹ ریجنل ڈائریکٹر ارشد جمال نےنیویارک میں منعقدہ پریس کانفرنس میں سال 2026 کے لیے اپنے سالانہ بیک ٹو اسکول پروگرام کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بیک ٹو اسکول پروگرام نیویارک سے شروع ہوا تھا، جو وقت کے ساتھ ساتھ امریکا کی مختلف ریاستوں اور سو سے زائد شہروں تک پھیل گیا۔گزشتہ 15 برسوں کے دوران 10 لاکھ سے زائد اسکول بیگ تقسیم کیے جاچکے ہیں ۔پریس کانفرنس کے دوران اکنا ریلیف نیویارک بیک ٹو اسکول لیڈ اقصی خٹک،رضاکار فرہادیا اور میڈیا کوآرڈینیٹر معوذ صدیقی بھی موجود تھے۔ارشد جمال کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ مہنگائی کے دور میں بچوں کے لیےاسکول کا سامان خریدنا بہت سے خاندانوں کے لیے ایک بڑا مالی بوجھ بن چکا ہے، بیک ٹو اسکول پروگرام کا مقصد صرف اسکول بیگ تقسیم کرنا نہیں بلکہ ضرورت مند بچوں کو تعلیمی سال کے آغاز پر اعتماد اور حوصلہ فراہم کرنا بھی ہے، تاکہ وہ اپنے ساتھی بچوں کے ساتھ بہتر انداز میں تعلیمی سفر کا آغاز کر سکیں۔اس موقع پر نیویارک بیک ٹو اسکول پروگرام کی لیڈ اقصیٰ خٹک نے بتایا کہ نیویارک میں 40 مختلف پروگرامز کے ذریعے ساڑھے 6 ہزار سے زائد اسکول بیگ تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ یکم اگست کو نیویارک سمیت امریکا بھر میں بڑے میگا ایونٹس کا انعقاد ہوگا جس میں ضرورت مند بچوں میں اسکول بیگ تقسیم کیے جائیں گے اور دیگر سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔اس موقع پر نیویارک کی لیڈ رضاکار فرہادیا اور دیگر والنٹیئرز نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ بیک ٹو اسکول پروگرام کا حصہ بننے پر خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی کمیونٹی کو ضرورت ہوتی ہے، خواتین رضاکار بڑھ چڑھ کر اپنا کردار ادا کرتی ہیں۔اکنا ریلیف کے رہنماوں کا کہنا تھا پروگرام میں شریک رضاکاروں میں سے بعض کو خصوصی ذمہ داریاں دے کر ایمبیسیڈرز کے طور پر بھی شامل کیا گیا ہے، جو مقامی سطح پر پروگرام کی منصوبہ بندی، رابطہ کاری اور کامیاب انعقاد میں اپنا کردار ادا کریں گے۔