امریکا میں رواں سال قتل کی وارداتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے ماہرین کے مطابق اگر یہی رجحان برقرار رہا تو 2026 گزشتہ ایک صدی کے دوران قتل کی کم ترین شرح والا سال ثابت ہو سکتا ہے۔
کونسل آن کریمنل جسٹس کی رپورٹ کے مطابق امریکا کے 30 شہروں میں رواں سال کے پہلے نصف کے دوران قتل کی شرح گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 18 فیصد کم رہی، جبکہ گھروں میں چوری، کار جیکنگ اور سنگین حملوں سمیت مجموعی طور پر 9 اقسام کے جرائم میں بھی کمی دیکھی گئی۔رپورٹ کے مطابق شاپ لفٹنگ، گھریلو تشدد، جنسی جرائم اور منشیات سے متعلق مقدمات میں معمولی اضافہ ہوا، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر جرائم میں کمی کا رجحان مختلف سیاسی قیادت رکھنے والے شہروں میں بھی یکساں دیکھا جا رہا ہے۔ماہرین کے مطابق جرائم میں کمی کی کوئی ایک وجہ نہیں، بلکہ سماجی پروگراموں، منشیات کے استعمال میں کمی اور دیگر عوامل اس رجحان میں کردار ادا کر رہے ہیں۔