اسپین نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں ارجنٹائن کو ایکسٹرا ٹائم کے 106ویں منٹ میں فیران ٹوریس کے اکلوتے گول سے ایک صفر سے شکست دے کر 16 سال بعد دوسری بار عالمی چیمپئن کا تاج اپنے سر سجا لیا۔
نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس سنسنی خیز فائنل میں مقررہ 90 منٹ تک کوئی گول نہ ہو سکا اور ارجنٹائن کے گول کیپر ایمیلیانو مارٹنیز نے 10 گول بچا کر شاندار کارکردگی دکھائی۔ آخری لمحات میں ارجنٹائن کے اینزو فرنانڈیز کو ریڈ کارڈ ملنے کے بعد ٹیم 10 کھلاڑیوں تک محدود ہو گئی۔ ایکسٹرا ٹائم میں نیکو ولیمز کے ہیڈر پاس پر ٹوریس نے گول کر کے اسپین کو تاریخی فتح دلائی۔
لیونل میسی جو ممکنہ طور پر اپنے آخری ورلڈ کپ میں تاریخ رقم کرنے کی کوشش کر رہے تھے وہ اپنے خواب کو پورا نہ کر سکے۔ لامین یامال کی زیر قیادت اسپین نے پورے ٹورنامنٹ میں سعودی عرب، یوراگوئے، آسٹریا، پرتگال، بیلجیم اور فرانس کو شکست دی۔ ارجنٹائن نے گروپ مرحلے سے فائنل تک کا سفر متعدد مشکل میچوں میں کامیابی سے طے کیا۔ واضح رہے کہ اسپین نے پہلی بار 2010 میں ورلڈ کپ جیتا تھا اور ارجنٹائن 1978، 1986 اور 2022 کی فاتح ٹیم رہ چکی ہے۔