نیویارک سٹی کے میئر زوہران ممدانی اور سٹی کونسل کی اسپیکر جولی مینن نے مالی سال 2027 کے لیے 125.8 ارب ڈالر کے متوازن بجٹ پر اتفاق کر لیا ہے۔
سٹی انتظامیہ کے مطابق بجٹ میں مالیاتی نظم و ضبط برقرار رکھتے ہوئے رہائش، صحت، تعلیم، پارکس، لائبریریوں اور دیگر بنیادی عوامی خدمات کے لیے اضافی فنڈز مختص کیے گئے ہیں، جبکہ جنرل ریزرو فنڈ میں 350 ملین ڈالر کا اضافہ بھی کیا گیا ہے۔بجٹ کے تحت کم آمدنی والے شہریوں کے لیے کرایہ امدادی پروگرام، سستی رہائش کے تحفظ، فوڈ پینٹریز، ذہنی صحت کی موبائل سروسز، تارکین وطن کے لیے قانونی معاونت اور فیئر فیئرز پروگرام کی توسیع سمیت متعدد اقدامات کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ 9/11 کے بعد فضائی آلودگی اور صحت سے متعلق سرکاری ریکارڈ تک عوامی رسائی کے لیے ایک آن لائن پورٹل بھی قائم کیا جائے گا۔اس بجٹ میں لائبریریوں، پارکس، ثقافتی اداروںکے لیے مستقل فنڈنگ بھی شامل کی گئی ہے تاکہ ہر سال بجٹ کی منظوری کے دوران ان اداروں کو مالی غیر یقینی صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ میئر ممدانی نے کہا کہ یہ بجٹ عوامی خدمات کو برقرار رکھتے ہوئے شہر کو مزید قابلِ استطاعت اور مالی طور پر مضبوط بنانے کی جانب اہم قدم ہے۔