نیویارک کے علاقے کوئنز کے ایک شخص نے میڈیکیئر اور میڈیکیڈ کے ساتھ تقریباً 127 ملین ڈالر کے فراڈ کا اعتراف کر لیا ہے۔ ملزم پر غیر ضروری ادویات اور سوشل ایڈلٹ ڈے کیئر کی ایسی خدمات کے بل بنانے کا الزام تھا جو فراہم ہی نہیں کی گئیں۔
محکمہ انصاف کے مطابق 57 سالہ ڈینیئل لی فلشنگ میں قائم دو ایڈلٹ ڈے کیئر سینٹرز، ہیپی لائف اور رائل ایڈلٹ ڈے کیئر سینٹر کے پروگرام ڈائریکٹر تھے۔ عدالتی دستاویزات کے مطابق تقریباً دس سال تک ان سینٹرز نے میڈیکیڈ سے فائدہ اٹھانے والے افراد کو رجسٹریشن کے لیے نقد رشوت دی اور ایسی خدمات کے بل بھیجے جو فراہم نہیں کی گئیں۔ بعض کلیمز ایسے دنوں کے تھے جب مریض اسپتال میں داخل تھے۔ اسی عرصے میں ملزم اور اس کے ساتھیوں نے ایک متعلقہ فارمیسی کے ذریعے میڈیکیئر اور میڈیکیڈ مستفیدین کو رشوت دے کر غیر ضروری ادویات کے کلیمز بھی جمع کروائے۔ ہیپی لائف پر چھاپے کے دوران حکام نے ایک لاکھ ڈالر سے زائد نقد رقم برآمد کی، جبکہ بینک اکاؤنٹس سے تقریباً 9 لاکھ ڈالر ضبط کیے گئے۔ ڈینیئل لی نے ہیلتھ کیئر فراڈ اور منی لانڈرنگ کی سازش کے الزامات تسلیم کر لیے ہیں۔ ان پر زیادہ سے زیادہ 30 سال قید کی سزا ہو سکتی ہے، جبکہ سزا کا فیصلہ 2 مارچ 2027 کو سنایا جائے گا۔