ایران کے ساتھ جاری جنگ کے باعث امریکا میں پیٹرول کی قیمتیں گزشتہ چار برس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں، جسے دیکھتے ہوئے ڈرائیورز کے لیے اخراجات کم کرنے کے نئے طریقے سامنے آگئے ہیں۔
تازہ اعداد و شمار کے مطابق ایک گیلن پیٹرول کی اوسط قیمت تقریباً 4.23 ڈالر تک جا پہنچی ہے، جس سے گھریلو بجٹ پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔ماہرین کے مطابق ڈرائیورز مختلف رعایتی پروگرامز کے ذریعے اپنے اخراجات کم کر سکتے ہیں۔ پیٹرول پمپ کمپنیوں کے لائلٹی پروگرامز، ممبرشپس اور کریڈٹ کارڈ آفرز کو یکجا کر کے فی گیلن قابلِ ذکر بچت حاصل کی جا سکتی ہے، جبکہ بعض کمپنیوں کی جانب سے نئے صارفین کو خصوصی رعایت بھی دی جا رہی ہے۔اسی طرح بڑے ریٹیل اداروں کی ممبرشپس رکھنے والے افراد بھی رعایت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، جہاں مخصوص پیٹرول اسٹیشنز پر فی گیلن قیمت میں کمی کی سہولت دی جاتی ہے۔ گودام طرز کے اسٹورز اور سپر مارکیٹس بھی اپنے صارفین کو خریداری کے بدلے فیول پوائنٹس فراہم کرتی ہیں، جنہیں بعد میں پیٹرول کی قیمت کم کرنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔مزید برآں، کچھ کریڈٹ کارڈز پیٹرول کی خریداری پر کیش بیک یا اضافی پوائنٹس فراہم کرتے ہیں، جس سے صارفین کو براہ راست مالی فائدہ ہوتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈرائیورز کو چاہیے کہ وہ اپنی موجودہ سہولیات اور آفرز کا جائزہ لیں تاکہ زیادہ سے زیادہ بچت ممکن بنائی جا سکے۔اس کے علاوہ موبائل ایپلی کیشنز کے ذریعے قریبی علاقوں میں کم قیمت پیٹرول کی تلاش بھی ممکن ہے، جس سے روزمرہ سفر کے اخراجات میں مزید کمی لائی جا سکتی ہے۔