امریکی حکام نے ایک ایرانی شہری کو گرفتار کرتے ہوئے اس کے خلاف غیر قانونی تارکین وطن کو امریکا منتقل کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔
عدالتی دستاویزات کے مطابق 57 سالہ جعفر تفاکوری گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران بڑی تعداد میںخاص طور پر ایرانی شہریوں کو غیر قانونی طور پر امریکا پہنچانے میں ملوث رہا۔ ملزم مبینہ طور پر بھاری رقوم کے عوض جنوبی اور وسطی امریکا کے راستے سفری سہولیات، رہائش اور دیگر انتظامات فراہم کرتا تھا۔حکام کا کہنا ہے کہ بعض افراد سے اس مقصد کے لیے 30 ہزار ڈالر تک وصول کیے گئے، جبکہ امریکا اور میکسیکو سرحد تک پہنچنے کے بعد انہیں غیر قانونی داخلے کی ہدایات دی جاتی تھیں۔امریکی محکمہ انصاف کے مطابق ملزم کو کولمبیا میں امریکی درخواست پر گرفتار کیا گیا اور جلد امریکا منتقل کیا جائے گا جہاں اس کے خلاف مقدمہ چلایا جائے گا۔ اگر الزامات ثابت ہو گئے تو اسے ہر جرم پر 10 سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔