vosa.tv
Voice of South Asia!

پاکستان سوسائٹی آف نارتھ ٹیکساس کا یومِ تکبیر پر یومِ تشکر

0

پاکستانی کمیونٹی کی نمائندہ تنظیم پاکستان سوسائٹی آف نارتھ ٹیکساس (پی ایس این ٹی )نے ڈیلس میں ’یومِ تشکر‘ کی ایک باوقار تقریب کا اہتمام کیا، جس میں بڑی تعداد میں کمیونٹی اراکین نے شرکت کی، تقریب کے مہمانِ خصوصی پاکستان کے قونصل جنرل جناب آفتاب چوہدری تھے۔

امریکن پاکستانی کمیونٹی کا بھارت کے خلاف افواج پاکستان  کی شاندار فتوحات کی خوشی منانے کا جوش جذبہ کم نہیں ہو رہا ہے۔ یوم تکبیر کی آمد نے اس جذبے اور خوشیوں کو دو بالا کر دیا۔امریکہ کے شہر ڈیلس میں پاکستان سوسائٹی اف نارتھ ٹیکساس کی جانب سےاپنی نئی منتخب ایگزیکٹو کمیٹی کی تعارفی تقریب میں یوم تشکر اور یوم تکبیر ایک ساتھ منائے گئے۔ تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان قونصلیٹ ہیوسٹن کے قونصل جنرل آفتاب چودھری تھے۔تقریب کا اغاز اسلامک سکالر اصیل خان کی تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد امریکہ اور پاکستان کے قومی ترانے بجائے گئے۔

تقریب کی نظامت کے فرائض ڈیلس کی مشہورآر جے کرن نے انتہائی شاندار طریقے سے نبھائے۔ پاکستان سوسائٹی اف نارتھ ٹیکساس کے نو منتخب صدر اٹارنی نعیم ساکھیہ نے مہمان خصوصی اور دیگر مہمانوں کو خوش امدید کہا۔پریزیڈنٹ نعیم ساکھیہ نے اپنے سینیئر وائس پریزیڈنٹ عابد بیگ کے ساتھ اپنی نو منتخب ٹیم کو سٹیج پہ بلا کے ان کے نام اور عہدوں کے بارے میں حاضرین کو تفصیل سےآگاہ کیا۔

تعارفی تقریب کے بعد قونصلیٹ کے کمرشل اتاشی سلمان رضا نےحاضرین سے خطاب کیا۔ تقریب میں مہمانوں کی کثیر تعداد بزنس کمیونٹی سے تعلق رکھتی تھی  لہذا بزنس اتاشی سلمان رضا نے اس موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے حکومت پاکستان کی بزنس پالیسیز میں دی گئی سہولیات کے بارے میں حاضرین کو تفصیل سےآگاہی دی۔تقریب کے مہمان خصوصی قونصل جنرل آفتاب چوہدری نے حاضرین محفل کی پاکستان اور افواج پاکستان سے والہانہ محبت اور لگاؤ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

مہمان خصوصی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان سوسائٹی اف نارتھ ٹیکساس عرصہ دراز سے جس تندہی کے ساتھ  پاکستانی کمیونٹی کی خدمت کر رہی ہے یہ انتہائی قابل ستائش ہے۔ اس موقع پہ پی ایس ین ٹی کے چیئرمین ڈاکٹر ریاض حیدر نے بھی حاضرین محفل سے خطاب کیا۔پروگرام کے اخر میں حاضرین محفل میں سے ہی لوگوں نے پاکستان کی محبت میں پاکستانی ملی نغمے گائے اور حاضرین سے دل کھول کے داد داد وصول کی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.