نیویارک میں ایشین امریکن اینڈ پیسفک آئس لینڈر ہیریٹیج منتھ کی شاندار تقریب
نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام ایشین امریکن اینڈ پیسفک آئس لینڈر ہیریٹیج منتھ کی مناسبت سے ایک شاندار اور رنگارنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ یہ تقریب نیویارک کے معروف مقام ون پولیس پلازہ آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی جس میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے پولیس افسران نے بھرپور شرکت کی۔
ایشین امریکن اینڈ پیسفک آئس لینڈر ہیریٹیج منتھ کی تقریب نیو یارک پولیس ڈپارٹمنٹ کی مختلف آرگنائزیشنز کی مشترکہ میزبانی میں منعقد ہوئی جن میں بنگلہ دیش، بھارت ،پاکستان ،کوریا،فلپائن،اور دیگر ممالک کے لوگ شامل تھے۔ حاضرین کو خوش آمدید کہنے کے لیے پوسٹرز پر مختلف زبانوں میں خوش آمدیددرج تھا، جو مختلف ثقافتوں کا عملی مظاہرہ تھا۔تقریب کے آغاز میں امریکی ترانی بھی پڑھا گیا۔
تقریب کے انعقادکا مقصد مختلف ایشیائی اور پیسفک ثقافتوں کے تاریخی ورثے، اور امریکی معاشرے میں ان کی شراکتوں کو سراہنا تھا۔تقریب میں پولیس کمشنر جیسیکا ٹش اور نیو یارک پولیس کے افسران سمیت مختلف ممالک کے نمائندوں نے یکجہتی اور بین الثقافتی ہم آہنگی کے پیغامات دیے۔ مہمان خصوصی نے تقاریر کے دوران کمیونٹی کی خدمات کو سراہا اور ایشین امریکن اینڈ پیسفک آئس لینڈر ہیریٹیج منتھ کے لئے کمیونٹی کے تعاون کو اہم قرار دیا۔
اس موقع پرمختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے نیو یارک پولیس افسران کے ریکارڈڈ پیغامات بھی سنائے گئے۔تقریب میں مختلف کلچرل شوزبھی پیش کیے گئے جنہوں نے حاضرین کو ایشیائی ثقافت کی رنگینی اور ورثے سے روشناس کروایا۔
تقریب کے آخر میں پاکستانی نژاد ڈپٹی انسپکٹر مصباح نور سمیت مختلف محکموں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے پولیس افسران میں شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔یہ تقریب نہ صرف ایک ثقافتی جشن تھی بلکہ ایک پیغامِ یکجہتی بھی تھی جس کے ذریعے نیویارک پولیس نے مختلف کمیونٹیز کے درمیان روابط مضبوط بنانے کا عملی مظاہرہ کیا۔