نیویارک: 9/11 یادگار "فلیمز آف آنر” کے ڈیزائنز جاری
نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز اور محکمہ خدماتِ ویٹرنز کے کمشنر جیمز ہینڈن نے 9/11 شہداء کے اعزاز میں نئی یادگار "فلیمز آف آنر” کے ابتدائی ڈیزائنز جاری کر دیے ہیں۔
میئر ایرک ایڈمز کے مطابق یہ یادگار کوئینز کے وائٹ اسٹون علاقے میں تعمیر کی جائے گی۔ یہ یادگار عراق اور افغانستان میں شہید ہونے والے تقریباً 100 نیو یارک کے فوجیوں کو خراج تحسین پیش کرے گی۔ یادگار کے ڈیزائن کا انتخاب محکمہ خدماتِ ویٹرنز اور محکمہ ثقافت کی جانب سے کیے گئے عوامی مقابلے کے بعد کیا گیا جسے معروف فنکار ڈوو بلمبرگ نے تیار کیا ہے۔ یادگار کو ایک ایسا مقام بنایا جائے گا جہاں لوگ شہداء کی قربانیوں کو یاد کر سکیں اور امن و سکون حاصل کریں۔ میئر ایڈمز نے کہا کہ یہ یادگار نیو یارک کے شہداء کو ان کی عظیم قربانیوں کا مستحق اعزاز دے گی۔ کمشنر ہینڈن نے کہا کہ یادگار جنگ کے انسانی نقصانات کی یاد دہانی کروائے گی اور نیو یارک کے عوام کو موقع دے گی کہ وہ شہداء اور ویٹرنز کی خدمات کو یاد رکھیں۔ یہ منصوبہ کوئینز میں یوٹوپیا پارک وے سی وال کی بحالی کے منصوبے کا حصہ ہے جس میں سڑکوں کی بہتری اور طوفانی خطرات سے بچاؤ کے انتظامات بھی شامل ہیں۔ کوئینز کے صدر ڈونووان رچرڈز نے یادگار کی تعمیر کے لیے تین ملین ڈالر کی فنڈنگ کا اعلان کیا ہے۔