نیویارک: تھیٹر ڈسٹرکٹ میں پیڈیکیبز پر پابندی کی تجویز پیش
نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کونسل نے تھیٹر ڈسٹرکٹ میں بڑھتا ہوا رش اور شور کی شکایات کے بعد پیڈیکیبز پر پابندی عائد کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔
امریکی خبررساں ادارے اے بی سی کے مطابق، مجوزہ قانون کے تحت براڈوے تھیٹر کے داخلی راستوں سے 50 فٹ کے فاصلے کے اندر پیڈیکیبز کھڑی کرنے یا چلانے پر پابندی ہوگی۔ کونسل ممبر ایرک بوچر کا کہنا ہے کہ پیڈیکیبز کا قطار میں کھڑا ہونا، گھنٹیاں بجانا اور گانے چلانا نہ صرف ہجوم میں اضافہ کرتا ہے بلکہ تھیٹر کے پر سکون لمحات میں خلل بھی ڈالتا ہے۔ اس بل کے تحت محکمہ ٹرانسپورٹیشن کو سائن بورڈز لگانے کا بھی پابند بنایا جائے گا تاکہ ڈرائیوروں کو پابندی والے علاقے واضح طور پر نظر آئیں۔ پیڈیکیب ڈرائیورز نے ضابطوں پر عمل کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے جبکہ نیویارک پیڈیکیب الائنس نے بغیر لائسنس گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی حمایت کی ہے، لیکن اس مجوزہ پابندی پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ تھیٹر جانے والے کئی شہریوں کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے علاقے میں بے ترتیبی کم ہوگی اور راہگیروں کو سکون ملے گا۔ بل کی منظوری کے بعد خلاف ورزی پر جرمانے یا دیگر سزاؤں کی تفصیلات بعد میں طے کی جائیں گی۔