vosa.tv
Voice of South Asia!

ٹرمپ کا 175 ارب ڈالر کے ‘گولڈن ڈوم’ دفاعی نظام کا اعلان

0

واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کے لیے ایک  نئے میزائل دفاعی نظام ‘گولڈن ڈوم’ کے منصوبے کا اعلان کر دیا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غیر ملکی حملوں سے امریکا کو بچانے کے لیے ایک نئے میزائل دفاعی نظام "گولڈن ڈوم” کے منصوبے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ نظام ان کی دوسری مدت صدارت کے اختتام تک فعال ہو جائے گا۔ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں خطاب کرتے ہوئے کہا الیکشن مہم کے دوران میں نے امریکی عوام سے وعدہ کیا تھا کہ میں ایک جدید ترین میزائل دفاعی شیلڈ بناؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ آج مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ہم نے اس جدید نظام کے لیے باضابطہ طور پر بنیادی خاکہ منتخب کر لیا ہے۔گولڈن ڈوم دفاعی نظام پر 175ارب ڈالرخرچ ہوں گے۔ ٹرمپ نے کہا کہ دفاعی بل میں گولڈن ڈوم کیلئے 25 ارب ڈالر شامل ہوں گے، گولڈن ڈوم کیلئے ہر چیز امریکا میں بنائی جائے گی، اسپیس آپریشنز کے نائب سربراہ جنرل مائیکل اس منصوبے کی قیادت کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ نظام اسرائیل کے آئرن ڈوم سے متاثر ہے، لیکن اس سے کہیں زیادہ بڑا اور جدید ہوگا۔ یہ نہ صرف دنیا کے کسی بھی حصے سے داغے گئے میزائلوں بلکہ خلا سے لانچ کیے گئے ہتھیاروں کو بھی نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھے گا۔ پینٹاگون نے پہلے ہی خبردار کیا تھا کہ امریکہ کے موجودہ دفاعی نظام چین اور روس جیسے حریف ممالک کے جدید ہتھیاروں کے مقابلے میں کمزور ہیں۔ اس نئی حکمتِ عملی کے تحت مختلف دفاعی پہلوؤں کو ایک مرکزی کمانڈ کے تحت لایا جائے گا، اور اسپیس فورس کے جنرل مائیکل گیٹلین کو اس منصوبے کی نگرانی سونپی گئی ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ کینیڈا گولڈن ڈوم میزائل دفاعی نظام کا حصہ بننا چاہتا ہے اور امریکا اس حوالے سے کینیڈا کی مدد بھی کرے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.