نیویارک میں مسلمان طلباء کے لیے یوتھ کیرئیر ڈے
کونسل آف پیپلز آرگنائزیشن کے زیر اہتمام یوتھ کیریئر ڈے کا انعقاد کیا گیا، جس میں نیویارک کے مختلف اسلامی اسکولوں کے طلباء و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
کونسل آف پیپلز آرگنائزیشن کے زیر اہتمام کوئینز میں قائم نیویارک پولیس اکیڈمی میں یوتھ کیریئر ڈےکا کامیاب انعقاد کیا گیا، جس میں نیویارک کے مختلف علاقوں سے مسلم امریکن نوجوانوں، ہائی اسکول اور کالج کے طلباء و طالبات نے بھرپور شرکت کی۔پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو فیڈرل، اسٹیٹ اور سٹی کی سطح کے اداروں میں روزگار، انٹرن شپ اور دیگر کیریئر کے مواقعوں سے روشناس کرانا تھا۔ تقریب میں مختلف اداروں نے شرکت کی جن میں ایف بی آئی ، این وائے پی ڈی، ہوم لینڈ سیکورٹی، یو ایس پوسٹل سروس، یوایس کوسٹ گارڈ، ڈیپارٹمنٹ آف ہاوسنگ اینڈ اربن ڈیولپمنٹ، نیویارک اسٹیٹ پولیس، ناساو کاونٹی پولیس، فائر ڈیپارٹمنٹ اور پورٹ اتھارٹی پولیس سمیت دیگر نمایاں ادارے شامل تھے۔
یہ کیریئر ڈے نوجوانوں کو روزگار، انٹرن شپ، اور رضاکارانہ خدمات سمیت دیگر اہم مواقع سے آگاہ کرنے کے لیے منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر کوپو کے سربراہ محمد رضوی کا کہنا تھا کہ تنظیم کا مقصد مسلم امریکن کمیونٹی کے نوجوانوں، بالخصوص ہائی اسکول اور کالج کے طلباء کو مستقبل کے حوالے سے راہنمائی فراہم کرنا اور انہیں ہر ممکن سپورٹ دینا ہے۔ انہوں نے اس بات کا عزم ظاہر کیا کہ کوپو مستقبل میں بھی یوتھ کیرئیر ڈے جیسے مواقع کے ذریعے نوجوانوں کی رہنمائی کا سلسلہ جاری رکھے گی۔تقریب میں نیویارک کے مئیر، پولیس کمشنر اور دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کی، جنہوں نے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کی تلقین کی۔
اس موقع پر مئیر ایڈمز نے محمد رضوی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ نیویارک اور امریکہ کے ایک سچے دوست ہیں جو زبردست کام آپ کر رہے ہیں، وہ جاری رکھیں۔ مئیر نے کہا کہ میں نے ایف بی آئی اور این وائی پی ڈی کے ایکسپلوررز کو دیکھا۔ یہ ایک شاندار موقع ہے کہ آپ قانون نافذ کرنے والے کسی ادارے میں کیریئر کے بارے میں سوچیں جسے آپ اپنائیں۔پروگرام میں شریک پولیس کمشنر جیسیکا ٹش نے کہا کہ کونسل آف پیپلز آرگنائزیشن اور محمد رضوی کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گی جنہوں نے آج کے اس پروگرام کا انعقاد کیا۔کمشنر نے کہا کہ جو کام یہ تنظیم کرتی ہے اس کا مقصدکمیونٹیز کو مواقع فراہم کرنا ہے، خاص طور پر مسلم اور ساؤتھ ایشین کمیونٹیز کو اور اسی وجہ سے یہ کیریئر ڈے اب ایک خاص اور منفرد حیثیت اختیار کر چکا ہے۔
اس موقع پر ایف بی آئی سے تعلق رکھنے والے افسران نے پروگرام کی مناسبت سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ سب کی خدمت کرتے ہیں اور ہم سب کے ساتھ مضبوط تعلق قائم رکھنا چاہتے ہیں ،کیونکہ یہی واحد طریقہ ہے جس سے ہم اپنا کام مؤثر انداز میں انجام دے سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ آج ہم آپ کو کسی حد تک متاثر کریں، تاکہ آج سے 10، 15، یا 20 سال بعد، آپ فیصلہ کریں کہ آپ بھی ایف بی آئی، این وائی پی ڈی، یا ایف ڈی این وائی میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔
تقریب میں شریک کے دیگر افراد نے بھی کوپو کے اس جذبے کو سراہا اور نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی۔ اس موقع پر مختلف اداروں کے جانب سے معلوماتی اسٹالز لگائے گئے، جن پر نوجوانوں کو ملازمت کے مواقع، طریقہ کار اور اداروں کے بارے میں مفید معلومات فراہم کی گئیں۔ اسلامک اسکول کے طلباء نے اس موقع پر روح پرور نشید بھی پیش کی، جبکہ آخر میں اجتماعی دعا کا اہتمام بھی کیا گیا۔تقریب میں بذریعہ قرعہ اندازی بچوں میں مختلف انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔کوپو کی اس کاوش کو کمیونٹی کے مختلف حلقوں کی جانب سے سراہا گیا، جو مسلم یوتھ کے لیے ایک مثبت قدم تصور کیا جا رہا ہے۔