بروکلین(ویب ڈیسک) نیویارک کے علاقے بروکلین میں ہاف میرا تھون کے دوران 31 سالہ کھلاڑی دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوگیا۔
حکام کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب متاثرہ شخص 13.1 میل کی دوڑ میں آٹھ میل طے کر چکا تھا کہ اوشین پارک وے اور 18ویں ایونیو کے قریب اچانک گر گیا۔ رپورٹس کے مطابق موقع پر موجود طبی عملے نے فوری طور پر سی پی آر فراہم کی اور متاثرہ شخص کو میمونائیڈز اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی موت کی تصدیق کر دی گئی۔ نیویارک روڈ رنرز کے سی ای او روب سمیلکیئر نے واقعے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ پوری دوڑ کمیونٹی کے لیے افسوسناک ہے۔ انتقال کرنے والے کھلاڑی کی شناخت تاحال ظاہر نہیں کی گئی جو اہل خانہ کو اطلاع دیے جانے تک موخر ہے۔ نیو یارک روڈ رنرز کے مطابق، یہ ان کی پہلی ہاف میرا تھون ریس تھی۔