ایڈمز کا سابق فوجیوں کے لیے رہائش اور روزگار کے نئے اقدامات کا اعلان
نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے "ویٹرنز اینڈ سروس ممبرز ویک” کا آغاز کرتے ہوئے سابق فوجیوں اور ان کے اہل خانہ کے لیے رہائش اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے متعدد اقدامات کا اعلان کیا ہے۔
محکمہ امورِ سابق فوجیان کے کمشنر جیمز ہینڈن کا کہنا ہے کہ رواں ہفتہ قومی ملٹری اپریسی ایشن منتھ کے ساتھ منایا جا رہا ہے اور نیویارک میں مقیم 2 لاکھ 10 ہزار سے زائد سابق فوجیوں کے لیے حکومتی تعاون کو مزید مضبوط کرنے کا عزم ظاہر کرتا ہے۔ پچھلے آٹھ ماہ میں ایڈمز انتظامیہ کی "مشن ویٹ چیک” مہم کے تحت 10,500 سے زائد سابق فوجیوں سے رابطہ کیا گیا جنہیں ذہنی صحت، مفت خوراک، رہائش اور روزگار کی سہولیات فراہم کی گئیں۔ رضاکاروں نے فون کالز کے ذریعے ان کو سرکاری خدمات سے مربوط کیا۔ ایڈمز انتظامیہ نے چار نئے اہم اقدامات کا اعلان کیا ہے جن میں کولڈ وار دور کے سابق فوجیوں کے لیے پراپرٹی ٹیکس میں چھوٹ کی تجویز شامل ہے جس سے تقریباً 11,000 اہل سابق فوجیوں کو سالانہ اوسطاً 938 ڈالر کی مالی بچت حاصل ہو سکے گی۔ ساتھ ہی ہیبرو فری لون سوسائٹی اور سونیما کے تعاون سے ایک نیا ہوم اونرشپ لون پروگرام بھی شروع کیا گیا ہے جو سابق فوجیوں کو 30,000 ڈالر تک بلا سود قرضے فراہم کرے گا تاکہ وہ نیویارک میں گھر خرید سکیں۔ محکمہ امورِ سابق فوجیان اور ہاؤسنگ پریزرویشن اینڈ ڈیولپمنٹ نے معذور سابق فوجیوں کے لیے سستی رہائش تک رسائی آسان بنانے کے لیے درخواست کے عمل میں بھی تبدیلی کی ہے جس کے تحت معذوری کی تصدیق اب محکمہ کے سوشل ورکرز یا وی اے افسران بھی کر سکیں گے جس سے طبی تصدیق کے مراحل ختم ہو گئے ہیں۔ ساتھ ہی سال کے آغاز سے اب تک تقریباً 100 سابق فوجیوں کو سٹی ایجنسیوں، اسپتالوں اور نجی اداروں میں ملازمت کے مواقع فراہم کیے گئے ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد سابق فوجیوں کو باوقار اور پائیدار زندگی کے مواقع فراہم کرنا اور نیویارک میں ان کا محفوظ و مستحکم مستقبل یقینی بنانا ہے۔