ریتیک روشن کے شو کے بعد مشہور پروموٹر کے ساتھ فراڈ
شوبز انڈسٹری کے معروف پروموٹر عتیق شیخ کے ساتھ فراڈ ہوگیا۔ عتیق شیخ نے الزام عائد کیا ہے کہ شہزاد انور نے مشہور بھارتی اداکار ریتیک روشن اور نورا فتیحی کے شو کے لیے خریدی ہوئی ٹکٹوں کی ادائیگی کے لیے جو چیک دیا وہ باونس ہوگیا ہے ۔
نیویارک میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عتیق شیخ نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ ماہ بھارتی فلم اسٹار ریتھیک روشن کے شو کے لیے شہزاد انور نے ایک لاکھ ڈالر کی اسپانسر شپ کی خواہش ظاہر کرکے 12 ٹیبلز بک کروائیں لیکن شو سو 2 دن پہلے 10 ٹیبل کی بکنگ منسو خ کردی، طویل تاخیر کے بعد رقم کی ادائیگی کے لیے جو چیک دیا وہ باونس ہوگیا۔
ایک سوال کے جواب میں پروموٹر عتیق شیخ کا کہنا تھا کہ شہزاد انور نے اداکارہ و ماڈل نورا فتیحی کے شو کے لیے بھی تین ایوارڈز کی ڈیل کی جس کی مد میں ساڑھے 10 ہزار ڈالر کی رقم ابھی تک ادا نہیں کی اور مسلسل ٹال مٹول اور بہانوں سے کام لے رہے ہیں، اب میں شہزاد انو ر کے خلاف بھرپور قانونی ایکشن لوں گا۔
صحافیوں کے سوالوں کے جواب میں عتیق شیخ کا کہنا تھا کہ میں شہزاد انور کے خلاف میڈیا پر نہیں آنا چاہتا تھا لیکن اب میرے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا ہے ، میں چاہتا ہوں مزید کسی کا نقصان نہ ہو، کمیونٹی کو میرا مشورہ ہے کہ لوگ شہزاد انور کے ساتھ کسی بھی قسم کے بزنس او ر مالی لین دین کرنے سے اجتناب کریں ۔
عتیق شیخ کا مزید کہنا تھا کہ شہزاد انور خود کو حافظِ قران اور ایماندر شخص کہتے ہیں لیکن میں نے کمیونٹی میں جس جس سے بھی معلوم کیا مجھے یہی بتایا گیا کہ یہ لوگوں کے ساتھ فراڈ کرتے ہیں اور یہی ان کا طریقہ کار ہے ۔