شکاگو میں پاکستانی نژاد شہزاد قاضی نے اہم عہدے کا حلف اٹھا لیا
امریکی شہر شکاگو میں پاکستانی نژاد شہزاد قاضی نے ساؤتھ بیرنگٹن کے ولیج ٹرسٹی کی حیثیت سے حلف اٹھا کر تاریخ رقم کر دی۔
شکاگو کے مضافاتی علاقے ساؤتھ بیرنگٹن کے ہال میں منعقدہ تقریبِ حلف برداری میں پاکستانی امریکی شہری شہزاد قاضی نے ولیج ٹرسٹی کی حیثیت سے حلف اٹھا کر ایک تاریخی سنگ میل عبور کر لیا۔ وہ نہ صرف اس عہدے پر منتخب پہلے مسلمان اور پاکستانی نژاد امریکی ہیں بلکہ انہوں نے دیگر تمام امیدواروں سے زیادہ ووٹ حاصل کر کے ایک بڑی کامیابی بھی حاصل کی۔تقریب میں مقامی پاکستانی کمیونٹی، ووٹرز، اور دیگر معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شہزاد قاضی نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ پوری کمیونٹی کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں اور انتخابی نتائج سے بالاتر ہو کر ہر فرد کی خدمت کو اپنا مقصد بنائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ وہ جنوبی ایشیائی اور مسلم کمیونٹیز کی نمائندگی کرنے پر خود کو خوش قسمت محسوس کرتے ہیں۔ وہ ایک تجربہ کار بینکر، کاروباری شخصیت، اور سماجی کارکن ہیں اور اب ولیج بورڈ میں مالیات اور ترقی کے امور کے انچارج ہوں گے۔ایک خصوصی انٹرویو میں شہزاد قاضی نے کہا کہ میرا تجربہ، بجٹ سازی، مالیات، اور کمیونٹی کی شمولیت میں مہارت ولیج بورڈ کے لیے فائدہ مند ثابت ہو گا۔ انھوں نے مزید کہ وہ ساؤتھ بیرنگٹن میں موجود ہر کمیونٹی کے ساتھ مضبوط روابط قائم اور پسماندہ طبقے کو خاص ترجیح دیں گے ۔مقامی سطح پر خدمات کا معیار بلند کریں گے بلکہ ٹیکس کے بوجھ میں کمی کے لیے بھی سنجیدہ اقدامات اٹھائیں گے۔شہزاد قاضی کی یہ کامیابی نہ صرف پاکستانی کمیونٹی کے لیے باعثِ فخر ہے بلکہ امریکہ میں بسنے والے دیگر اقلیتی گروہوں کے لیے بھی ایک حوصلہ افزا مثال ہے۔