پاکستان کا بھارت کو کرارا جواب، پاکستانی امریکن کمیونٹی کا خراجِ تحسین
بھارتی جارحیت پر افواجِ پاکستان کا دندان شکن جواب دینے پر اوور سیزن پاکستانی ایک بار پھر متحد ہوگئے۔ نیویارک میں مقیم پاکستانی امریکنز نے مادرِ وطن اور اس کے جانباز سپوتوں کی جرات، شجاعت اور بہادری پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
اوورسیز پاکستانی گلوبل فاونڈیشن، کونسل آن پاک یو ایس ریلیشنز اور پاکستان کرسچن ایسو سی ایشن آف یو ایس اے کے زیر اہتمام یونائیٹڈ فار پاکستان کے عنوان سے منعقدہ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک اور قومی ترانے سے ہوا۔ تقریب کے منتظمین ذیشان احمد، ظہیر مہر، شکیل شیخ اور دیگر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بہادر فوج کے دلیر جوانوں کو جس طرح بھارت کو جواب دیا ہے اب دشمن کو دوبارہ حملہ کرنے کی جرات نہیں ہوگی ۔
پاکستانی امریکن کمیونٹی اپنی سیاسی وابستگی سے بالا تر ہوکر شریک ہوئی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ہمارے سیاسی اختلافات کوئی اہمیت نہیں رکھتے۔ ملکی سلامتی اور دفاع کے معاملے میں ہم ایک ہیں اور ایک رہیں گے ۔تقریب میں فنونِ لطیفہ اور شعبہِ ادب سے وابستہ شخصیات بھی شریک ہوئیں جنھوں نے اپنی شاعری سنا کر مادرِ وطن سے محبت کا اظہار کیا۔
تقریب میں سکھ کمیونٹی کے افراد بھی شریک ہوئے۔ سکھ رہنماوں کا کہنا تھا کہ مظلوموں پر ظلم و جبر اور نہتے لوگوں کو دہشت گردی کا نشانہ بناکر الزام پاکستان پر لگانا بھارتی حکومت کا وطیرہ رہا ہے ۔پاکستان اور فوجی قیادت سے اظہارِ یکجہتی کے لیے تقریب میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شریک ہوکر یہ پیغام دیا کہ دشمن ہماری امن کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھے ۔اس موقع پر مقامی گلوکار نے ملی نغمہ پیش کرکے سب کا لہو گرمایا۔
تقریب کے منتظمین نے پاکستانی پرچم کے ڈیزائن سے مزین ایک خصوصی طور پر کیک بھی تیار کروایا جسے سب نے مل کر اختتام پرکاٹا اور پاکستان زندہ باد کے نعرے بلند کرکے دفاع کا جشن منایا۔