vosa.tv
Voice of South Asia!

ڈیلس میں پاکستانی قونصل سروس کیمپ کا انعقاد، قونصل جنرل محمد آفتاب چوہدری کی اہم گفتگو

0

پاکستان سوسائٹی آف نارتھ ٹیکساس کے زیر اہتمام ڈیلس فورٹ ورتھ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لئے اس سال کا پہلا قونصل سروس کیمپ پاکستان قونصلیٹ ہیوسٹن کے تعاون سے ڈیلس میں منعقد  ہوا جس میں قریب دو سو سے زائد پاکستانی نژاد امریکیوں کو قونصل سروسز فراہم کی گئیں۔ ہیوسٹن قونصلیٹ کا عملہ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بلا تعطل کمیونٹی کو باہمی سروسز فراہم کرنے میں مصروف رہا۔اس ضمن میں پی ایس این ٹی نے ایک سادہ مگر پروقار تقریب کا اہتمام کیا جس کا مقصد پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اور پاکستانیوں کے لئے امریکہ میں کاروبار کرنے کے طریقہ کار کو اجاگر کرنا تھا۔ اس تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا .پی ایس این ٹی کے سکریٹری جنرل عابد بیگ نےتقریب کی  نظامت کی۔ صدر پی ایس این ٹی سلمان تابانی نے پاکستان قونصلیٹ ہیوسٹن کے عملے کا انکی آمد پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر پہلی مرتبہ ہوسٹن قونصلیٹ میں تعینات پاکستان کے کمرشل اتاشی سلمان رضاء بھی شریک ہوئے . قونصلیٹ جنرل محمد آفتاب چوہدری نے پی ایس این ٹی کی لیڈرشپ کے ہمراہ قونصل سروس کیمپ کا دورہ کیا اور عوام کے مسائل و شکایات سنیں۔ تقریب سے  خطاب کرتے ہوئے قونصلیٹ جنرل ہیوسٹن محمد آفتاب چوہدری کا کہنا تھا کہ وہ پی ایس این ٹی کی جانب سے اس کیمپ کے قیام پر انکے شکرگزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے غیر معولی مواقع موجود ہیں۔ حکومت پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کا عزم کر چکی ہے۔ اس ضمن میں ہیوسٹن قونصلیٹ کا عملہ کسی بھی مطلوبہ رہنمائی کے لئے ہر وقت دستیاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیرف کے معاملے پر پاکستان کا ایک اعلیٰ حکومتی وفد جلد امریکہ کا دورہ کرنے والا ہے جو یہاں کی حکومت سے امریکی ٹیرف پر بات چیت کرے گا۔قونصل جنرل ہیوسٹن محمد آفتاب چوہدری نے وائس آف ساؤتھ ایشیاء سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہے اور دفاعی ادارے چوکس ہیں۔ بھارت کی روایتی الزام تراشی کوئی نئی بات نہیں۔ سفارتی سطح پر پاکستان پاک بھارت کشیدگی پر امریکی حکام سے رابطے میں ہے تاہم حکومت پاکستان یہ واضح کر چکی ہے کہ بھارت کی جانب سے کسی قسم کی جارحیت خواہ وہ لائن آف کنٹرول پر ہو یا سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی ہو برداشت نہیں کی جائے گی اور فوری طور پر بھرپور جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کو اپنے دفاعی اداروں پر مکمل اعتماد ہے۔  اس موقع پر کمرشل اتاشی سلمان رضاء نے اس ضرورت پر زور دیا کہ امریکہ میں پاکستانی کمیونٹی مشترکہ طور پر دوطرفہ تجارت کے فروغ کے لئے کوششیں کرے۔ سلمان رضاء کا کہنا تھا کہ معدنیات کے شعبے میں پاکستان نے غیر معمولی اقدامات کئے ہیں اور ان معدنیات کی دنیا بھر کے انرجی سیکٹر میں گنجائش موجود ہے۔ انہوں امریکی نژاد پاکستانی کاروباری حلقوں سے اپیل کی وہ اس شعبے میں سرمایہ کاری کریں اور ریاست ٹیکسس جوکہ انرجی سیکٹر میں سب سے بڑی ریاست ہے یہاں پاکستانی معدنیات کی کھپت کی خاصی گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے کہا جو لوگ بھی پاکستان سے درآمدات چاہتے ہیں انکی رہنمائی کے لئے وہ ہمہ وقت موجود ہیں۔کمرشل اتاشی سلمان رضاء کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان بیرون ملک سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے سالانہ تین نمائشیں منعقد کراتی ہے۔ انہوں نے امریکہ میں پاکستانی کاروباری حلقوں کو ان نمائشوں میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے سیکٹر میں پاکستان کے لئے امریکی مارکیٹ میں غیر معمولی گنجائش موجود ہے۔ حکومت نے اس ضمن میں موثر منصوبہ بندی کی ہے۔ ای کامرس کے حوالے سے پاکستان کے بینکنگ نظام کر مزید موثر بنایا گیا ہے، پے پال سمیت دیگر مالی پلیٹ فارمز کی پاکستان سے سروس جلد شروع ہو جائیں گی۔تقریب کے آخر میں قونصل جنرل ہیوسٹن نے پی ایس این ٹی کے رضاکاروں میں انکی مزکورہ کیمپ کے قیام میں خدمات پر تعریفی اسناد بھی تقسیم کیں۔ جبکہ اس موقع پر پی ایس این ٹی بورڈ آف ٹرسٹیز کے چیئرمین ڈاکٹر ریاض حیدر، بورڈ کے رکن عابد ملک، برکت بسریا، شاہ رخ صدیقی، پی ایس این ٹی کے صدر سلمان تابانی، جنرل سیکرٹری عابد بیگ اور دیگر بھی موجود تھے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.