بروکلین: پارک میں 9 سالہ بچے پر کتے کا حملہ
بروکلین(ویب ڈیسک) نیویارک کے علاقے بروکلین کے پارک میں بیس بال کی پریکٹس کے دوران 9 سالہ بچے پر کتے نے حملہ کر دیا۔ واقعے میں بچہ شدید زخمی ہوگیا۔
حکام کے مطابق، بشوک کا رہائشی اینجل سانچیز جو مستقبل میں نیویارک یانکیز کے لیے کھیلنے کا خواب رکھتا ہے، 14 اپریل کو تھامس بوئلینڈ پارک میں پریکٹس کر رہا تھا جب ایک کتا اچانک اس پر جھپٹ پڑا۔ کتا اپنے مالک کے ساتھ باڑ کے قریب تھا لیکن اچانک اینجل کی طرف دوڑ پڑا اور بچے پر حملہ کر دیا۔ حملے میں اینجل کو کمر سے لے کر ٹانگوں تک گہرے زخم آئے ہیں۔ حکام کے مطابق کتے کے مالک نے پہلے تو حملے کو روکنے کی کوشش کی لیکن بعد میں موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے حادثے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے لیکن واقعے کے بعد سے کتے اور اس کے مالک کا پتہ نہیں چلا۔ اینجل کے والدین نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کے ذمے دار کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ آئندہ کسی اور بچے کے ساتھ ایسا واقعہ پیش نہ آئے۔