نیویارک میں اپنا کمیونٹی سینٹر کا برائٹن فیملی ڈے اور عید میلہ
اپنا کمیونٹی سینٹر کے زیر اہتمام برائٹن فیملی ڈے اور عیدملن کا انعقاد کیا گیا ، جس میں مردو خواتین ،بچوں اور بزرگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ، عید ملن میں پاکستانی کمیونٹی اور دیگر کمیونٹی سمیت سیاسی و سماجی شخصیات بھی شریک ہوئیں ، تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سےہوا ،پاکستانی اور امریکی قومی ترانے بھی پڑھے گئے ۔برائٹن فیملی ڈے اور عیدملن میں بچوں نے خوب انجوائے کیا اور کھیل کود کی جبکہ خواتین نے اسٹالز پرمہندی بھی لگائی اس کے ساتھ ساتھ شورفرنٹ ٹوائز فار ٹاٹس کی جانب سے بچوں میں کھلونے بھی تقسیم کئے گئے ۔
تقریب میں اپنا کمیونٹی سینٹر کی چیف ایگزیکٹو آفیسر ارم حنیف نے نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے کہا کمیونٹی سینٹر کے قیام کو 8 سال کا عرصہ ہو گیاہے ، ہم ایک چھوٹی سی ٹیم کے ساتھ کام کررہے ہیں ، ان کا کہنا تھا ہم گھریلو تشدد کے خلاف قانونی معاونت ، ملازمتوں کے حصول کے لئے رہنما ئی اور ووٹرز رجسٹریشن سمیت دیگر سروسز فراہم کرتے ہیں ، قبل ازیں پر ارم حنیف نے شرکاٗ کو مقامی حکومتوں کے انتخابات میں شمولیت کی ترغیب دی ،ان کا کہنا تھا 24 جون کو نیویارک سٹی میں انتخابات ہورہے ہیں ،اس لئےخود کو ووٹرز کے طور پر رجسٹرڈ کرائیں اور انتخابات میں بھرپور حصہ لیں ۔
عید کی خوشیوں کی اس تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کی کثیر تعداد شریک تھی، حاضرین سے خطاب میں اپنا کے چیئر مین پرویز صدیقی کا کہنا تھا کہ عید کا جشن منانا ہماری پرانی روایت ہے، یہ دراصل کمیونٹی کو ایک دوسرے کے ساتھ ااچھا وقت گزارنے کا موقع ہے۔اپنا کمیونٹی سینٹر کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر شازیہ وٹو نے ارم حنیف اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا ہماری ہمیشہ کوشش رہتی ہے کہ اپنی کمیونٹی کے لئےکچھ کریں ہم جو کچھ ہیں آپ کی وجہ سے ہیں ۔
برائٹن فیملی ڈے میں شریک نیویارک اسٹیٹ اسمبلی کے ری پبلکن رکن ایلک بروکراسنی کا کہنا تھا پاکستانی کمیونٹی نے امریکی معاشرے میں بہترین اور بے مثال رویات قائم کی ہیں ، میں پاکستان گیا تھا وہاں کے لوگ بہت مہمان نواز اور کھلے دل کے مالک ہیں ۔نیویارک سٹی کے پبلک ایڈووکیٹ جمانی ولیم نے تقریب سے خطاب میں کہاغزہ کے معاملے پر سیز فائر ہونا چاہیے اورایک دوسرے کے قیدیوں کو رہا کیا جائے ۔فلپائن کی گلوکارہ نے اپنے روایتی انداز میں پرفارم کر کے حاظرین کو خوب داد وصول کی۔
برائٹن فیملی ڈے میں سب ہی بہت خوش دکھائی دیے۔مختلف گیتوں پر نہ صرف نوجوانوں بلکہ بڑے بھی جھوم اٹھے ۔اس موقع پر سٹی کونسل کے سابق رکن آری کیگن کاکہنا تھا اپنا کمیونٹی سینٹر کو صرف پاکستانی ہی نہیں بلکہ دیگرکمیونٹی کی مدد کرتے ہوئے بھی دیکھا ہے ۔شرکاٗ سے خطاب میں سول جج برائن گاٹلیب نے کہا اپنا کمیونٹی سینٹر لوگوں کی مدد بغیر کسی رنگ و نسل اور مذہب کے کرتی ہے۔
تقریب میں معروف صحافی و تجزیہ نگار آفتاب اقبال بھی شریک ہوئے اور اپنا کی طرف سے انھیں گلدستہ پیش کیا گیا۔ انھوں اپناکمیونٹی سینٹر کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہ ا آئندہ امریکاآؤں گا توایک روز ان کے ساتھ رضاکارانہ خدمات سرانجام دوں گا۔اس موقع پر مختلف امریکی آفیشلز اور اسلامک ریلیف یو ایس اے کے نمائندے سمیت دیگر نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا ایک دوسرے کے مذہبی تہوار اور ثقافت کوایک ساتھ ملکر منانا کے مناظر ہمیں صرف امریکا میں ہی ملتے ہیں ۔اپنا کمیونٹی کی ٹیم کو تعریفی سرٹیفکیٹ تقسیم کئے گئےجبکہ مہمانوں کو ایوارڈز سے نوازا گیا ۔بعدازاں برائٹن فیملی ڈے اور عیدملن میں گلوکارہ ملائکہ فیصل نے اپنے گیتوں سے شرکا کو ناصرف محظوظ کیا بلکہ رقص پر بھی مجبور کردیا ۔برائٹن فیملی ڈے اور عیدملن میں شازیہ فارمیسی کی جانب سے قرعہ اندازی کےذریعے شرکا کو انعامات اور تحائف بھی تقسیم کئے گئے ۔