ایڈمز کی جانب سے رائکرز آئی لینڈ سے رہا 1,000 سے زائد افراد کو اسمارٹ فونز کی فراہمی
نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے اعلان کیا ہے کہ شہر نے رائکرز آئی لینڈ سے رہا ہونے والے 1,000 سے زائد طبی طور پر کمزور افراد کو اسمارٹ فونز فراہم کیے ہیں۔
میئر ایڈمز نے کہا یہ اقدام صحت کی دیکھ بھال، ذہنی صحت کے علاج، روزگار اور رہائش کے وسائل تک رسائی کو بہتر بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ ہاسپٹلز کے صدر ڈاکٹر مچل کاٹز کے مطابق، یہ پروگرام سابق قیدیوں کی بحالی میں معاون ثابت ہوگا۔ ٹی موبائل کی جانب سے عطیہ کیے گئے ان اسمارٹ فونز میں خصوصی سافٹ ویئر موجود ہے، جو رہائش، ملازمت اور صحت کی خدمات تک آسان رسائی فراہم کرتا ہے۔ یہ پروگرام جولائی 2023 میں ان افراد کے لیے شروع کیا گیا تھا جو سنگین ذہنی بیماریوں یا پیچیدہ طبی مسائل سے دوچار تھے۔ انتظامیہ کے مطابق، ان فونز کی مدد سے متعدد افراد نے ملازمت کے مواقع حاصل کیے، علاج کے مراکز سے رابطہ کیا اور رہائش کی سہولیات تک رسائی حاصل کی۔ میئر ایڈمز نے اس اقدام کو شہر کی ذہنی صحت سے متعلق وسیع حکمت عملی کا حصہ قرار دیا۔ ان کے مطابق نیویارک سٹی انتظامیہ شدید ذہنی امراض اور بے گھری کے شکار افراد کی مدد کے لیے 650 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہی ہے، جبکہ خصوصی شیلٹر بیڈز اور سٹریٹ آؤٹ ریچ ٹیموں کی تعداد میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔