vosa.tv
Voice of South Asia!

میئر کا بےگھر افراد اور ذہنی صحت کے مسائل سے نمٹنے کے لیے بڑا اقدام

0

نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک کے میئر ایرک ایڈمز نے مینٹل ہیلتھ ویک کے دوران شہر کے سب وے سسٹم میں بےگھر افراد اور شدید ذہنی بیماریوں میں مبتلا افراد کی مدد کے لیے شروع کیے گئے پارٹنرشپ اسسٹنس فار ٹرانزٹ ہوم لیسنیس (PATH) پروگرام کی کامیابی کا اعلان کیا ہے۔

میئر ایڈمز کے مطابق، اگست 2024 میں شروع ہونے والے اس پروگرام کے تحت اب تک 11,000 سے زائد افراد سے رابطہ کیا جا چکا ہے، جبکہ 3,000 سے زائد مرتبہ بےگھر افراد کو رہائش، کھانے اور طبی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ میئر ایڈمز نے کہا کہ ان کا بنیادی مقصد نیویارک کے سب وے کو محفوظ اور رہنے کے قابل بنانا ہے۔ پارٹنرشپ اسسٹنس فار ٹرانزٹ ہوم لیسنیس پروگرام کے تحت بےگھر افراد کو نہ صرف شیلٹر فراہم کیا جا رہا ہے بلکہ ان کی ذہنی صحت پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔ اس مہم کے تحت نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ نے مختلف خلاف ورزیوں پر 290 سمن جاری کیے اور 911 افراد کو سب وے سسٹم سے ہٹایا ہے۔ یہ پروگرام نیویارک کے محکمہ بےگھر افراد کی خدمات، ہاسپٹلز اور نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے ٹرانزٹ بیورو کے اشتراک سے کام کر رہا ہے۔ اس میں ڈیموگرافک ہیلتھ سروے کی نرسز اور آؤٹ ریچ عملہ شامل ہیں، جو ہر رات 8 بجے سے دوپہر 12 بجے تک مین ہٹن کے سب وے اسٹیشنوں پر موجود رہتے ہیں۔ میئر ایڈمز نے مزید کہا کہ سب وے سیفٹی پلان کے تحت اب تک 8,400 سے زائد افراد کو شیلٹر فراہم کیا جا چکا ہے، جن میں سے 860 مستقل اور سستی رہائش میں منتقل ہو چکے ہیں۔ ساتھ ہی شہر میں بےگھر افراد کے لیے 1,500 سے زیادہ سیف ہیون اور اسٹیبلائزیشن بیڈز قائم کیے جا چکے ہیں۔ نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کی کمشنر جیسیکا ٹش نے کہا کہ پیتھ پروگرام کا مقصد نہ صرف جرائم کو روکنا ہے بلکہ ان افراد کو مدد فراہم کرنا بھی ہے جو ذہنی صحت کے مسائل کا شکار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سب وے میں جرائم کی شرح مسلسل کم ہو رہی ہے، اور اس سال کے آغاز سے اب تک سب وے کرائم میں 27.9 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ ایڈمز انتظامیہ نے بےگھر اور ذہنی صحت کے مسائل میں مبتلا افراد کی مدد کے لیے 650 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے اور ریاستی حکومت سے مزید قانونی اصلاحات کا مطالبہ بھی کیا ہے تاکہ شدید ذہنی بیماریوں میں مبتلا افراد کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.