vosa.tv
Voice of South Asia!

 ایڈمز کا تولیدی حقوق کی تاریخ پر نئی نمائش کا اعلان

0

نیویارک(ایب ڈیسک) نیویارک کے میئر ایرک ایڈمز نے نیویارک سٹی ڈیپارٹمنٹ آف ریکارڈز اینڈ انفارمیشن سروسز کے تعاون سے تولیدی حقوق کی تاریخ پر ایک نئی نمائش کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔

میئر ایڈمز کے مطابق، یہ نمائش 1828 سے موجودہ دور تک تولیدی حقوق کے سفر کو اجاگر کرتی ہے، جب نیویارک میں پہلی بار اسقاط حمل کو غیر قانونی قرار دیا گیا تھا۔ یہ اقدام ویمنز ہسٹری منتھ اور نیویارک سٹی کے 400 سالہ جشن کے موقع پر کیا جا رہا ہے۔ میئر ایڈمز نے کہا کہ نیویارک ہمیشہ سے خواتین کے تولیدی حقوق کا مضبوط حامی رہا ہے اور یہ نمائش اس تاریخی سفر کو اجاگر کرے گی، جب اسقاط حمل جرم تھا، اور آج نیویارک اس حوالے سے قومی سطح پر ایک مثال ہے۔ کمشنر پولین ٹولے کے مطابق، اسقاط حمل پر پابندی یا تولیدی صحت کی سہولیات کو غیر قانونی قرار دینے سے خواتین کی صحت بہتر نہیں ہوتی بلکہ انہیں خطرناک متبادل راستے اختیار کرنے پر مجبور کر دیا جاتا ہے۔ یہ نمائش 1828 کے بعد کے سرکاری دستاویزات، عدالتی ریکارڈز، صحت عامہ کے چارٹس، اور ان مقامات کی تصاویر پر مشتمل ہے جہاں غیر قانونی اسقاط حمل کیے جاتے تھے۔ اس میں یہ بھی دکھایا گیا ہے کہ کیسے 1970 میں نیویارک کی جانب سے اسقاط حمل کو قانونی قرار دینے سے نہ صرف شہر بلکہ پورے ملک پر اثرات مرتب ہوئے۔ یہ نمائش 18 مارچ 2025 سے 30 اپریل 2025 تک 31 چیمبرز، روم 103، میں صبح 9 بجے سے دوپہر 12 بجے اور دوپہر 1 بجے سے شام 4 بجے تک پیر تا جمعہ عوام کے لیے مفت دستیاب ہوگی۔ نیویارک سٹی 2023 میں امریکہ کا پہلا شہر بن گیا جس نے پبلک ہیلتھ کلینکس میں مفت ادویاتی اسقاط حمل کی سہولت فراہم کی۔ نیویارک کے پبلک اسپتالوں میں ٹیلی ہیلتھ کے ذریعے ادویاتی اسقاط حمل کی سہولت فراہم کی گئی، تاکہ وہ خواتین جو کلینک نہیں جا سکتیں، گھر سے ہی محفوظ طریقے سے اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔ 2024 میں، ویمن فارورڈ نیویارک سٹی کے تحت 43 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی تاکہ خواتین اور صنفی غیر روایتی افراد کے حقوق کا تحفظ کیا جا سکے۔ 2022 میں ابورشن ایکسیس ہب کا آغاز کیا گیا، جس نے 9,000 سے زائد خواتین کی مدد کی، جن میں سے 25 فیصد ان ریاستوں سے تھیں جہاں اسقاط حمل پر پابندیاں ہیں۔ ان میں سے 75 فیصد خواتین ٹیکساس، فلوریڈا اور جارجیا سے تھیں، جہاں اسقاط حمل یا تو مکمل طور پر ممنوع ہے یا سخت پابندیوں کا شکار ہے۔ یہ نمائش نیویارک کی تولیدی حقوق کی تاریخ اور موجودہ عزم کو اجاگر کرتی ہے، جبکہ یہ پیغام دیتی ہے کہ شہر خواتین کی صحت اور حقوق کا دفاع جاری رکھے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.