نیویارک کے مسلمان نوجوانوں کی ہر اتوار مفت افطار مہم
نیویارک کے علاقے بروکلن میں واقع مسلم امریکن سوسائٹی بروکلن برانچ کے پہلے یوتھ سینٹر نے ماہِ رمضان کی بابرکت ساعتوں میں افطار آن دا گو پروگرام کا کامیاب انعقاد کیا۔
اس پروگرام کا مقصد مقامی مسلم کمیونٹی کو سہولت فراہم کرنا اور مستحق خاندانوں کو مفت حلال افطار فراہم کرنا تھا تاکہ وہ اپنے گھروں میں اہلِ خانہ کے ساتھ افطار کر سکیں۔یہ افطار پروگرام رمضان کے ہر اتوار کو شام 4 بجے شروع ہوتا ہے اور اس وقت تک جاری رہتا ہے جب تک تمام افطار باکسز تقسیم نہ ہو جائیں۔ نیویارک بروکلن میں واقع یوتھ سینٹر پر افطار باکسز کی تقسیم کا عمل منظم انداز میں کیا گیا، جہاں افراد نے قطار میں کھڑے ہو کر افطار وصول کیا اور پھر اپنے گھروں کو روانہ ہوئے۔اس موقع پر کمیونٹی رضاکاروں نے بھرپور جذبے سے خدمات انجام دیں اور ماحول کو خوشگوار اور خیرسگالی کا مظہر بنایا۔ منتظمین کے مطابق یہ پروگرام نیویارک کے تمام بورو میں جاری رہنے والے گریب اینڈ گو افطار اقدامات کا حصہ ہے، جس کا مقصد رمضان المبارک کے دوران ہر ضرورت مند تک خوراک پہنچانا ہے۔افطار آن دا گو پروگرام کی خاص بات یہ تھی کہ یہ موقع صرف کھانے کی فراہمی تک محدود نہیں رہا بلکہ مسلمانوں میں باہمی تعاون، اخوت اور محبت کے فروغ کا عملی نمونہ بھی ثابت ہوا۔