vosa.tv
Voice of South Asia!

مینٹل ہیلتھ ویک کا آغاز، میئر کا 33 ملین ڈالر کی اضافی فنڈنگ کا اعلان

0

نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے مینٹل ہیلتھ ویک کا آغاز کرتے ہوئے ذہنی صحت کی خدمات کو بہتر بنانے کے لیے 33 ملین ڈالر کی فنڈنگ کا اعلان کیا۔

میئر ایڈمز کے مطابق، یہ اقدام تین سالہ منصوبے بیہیوریل ہیلتھ بلیو پرنٹ کے تحت کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد ذہنی صحت کی سہولیات کو مزید مؤثر اور جامع بنانا ہے۔ اس منصوبے کے تحت پہلے سال کے دوران 225 اضافی نفسیاتی بستروں کی بحالی، سات ذہنی صحت یونٹس کی تزئین و آرائش اور سینکڑوں نئے ماہرینِ نفسیات کی بھرتی جیسے اقدامات کیے گئے ہیں۔ ساتھ ہی شہر میں ذہنی صحت کی سہولیات تک رسائی بڑھانے، سوشل ورک اور کیئر مینجمنٹ کو بہتر بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ میئر ایڈمز کے مطابق، نیویارک ریاست کے بیہیوریل ہیلتھ سینٹرز آف ایکسیلینس پروگرام کے تحت 33 ملین ڈالر کی اضافی فنڈنگ فراہم کی جا رہی ہے، جو گزشتہ سال دیے گئے 41 ملین ڈالر کے علاوہ ہے۔ ساتھ ہی اوپیوئڈ فنڈ، وفاقی، ریاستی اور نجی فنڈز بھی ذہنی صحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔ نیویارک سٹی نے "نیویارک ٹین اسپیس” کے نام سے مفت ٹیلی مینٹل ہیلتھ سروس بھی شروع کی ہے، جو 13 سے 17 سال کے نوجوانوں کو ذہنی صحت کی مشاورت فراہم کر رہی ہے۔ حکام کے مطابق، اس سروس کے ابتدائی چھ مہینوں میں 6,800 سے زائد نوجوان مستفید ہو چکے ہیں۔ نیویارک کے سرکاری اسپتالوں کا ذہنی صحت کا شعبہ سالانہ 78,000 مریضوں کو خدمات فراہم کرتا ہے اور شہر میں 60 فیصد ذہنی صحت کی ضروریات پوری کرتا ہے۔ اس شعبے میں تقریباً 5,000 ماہرینِ نفسیات اور دیگر عملہ کام کر رہا ہے۔ میئر ایڈمز کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات نیویارک سٹی کے شہریوں کو بہتر ذہنی صحت کی سہولیات فراہم کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.