ایڈمز نے 2025 کو فائر پریوینشن ایئر قرار دے دیا
نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز اور فائر ڈیپارٹمنٹ کے کمشنر رابرٹ ایس ٹکر نے 2025 کو ’’فائر پریوینشن ایئر‘‘ قرار دے دیا۔
میئر ایڈمز نے کہا یہ اعلان نیشنل فائر پریوینشن ویک کے 100 سال مکمل ہونے کے موقع پر کیا گیا، جو رواں سال 5 سے 11 اکتوبر تک منایا جائے گا۔ یہ اقدام شہر میں رواں سال کے آغاز میں متعدد بڑی آتشزدگی کے واقعات کے بعد اٹھایا گیا ہے۔ اس دوران فائر ڈیپارٹمنٹ شہر کے پانچوں بورو میں ہزاروں عوامی آگاہی مہمات کا انعقاد کرے گا اور ان 100 بلاکس پر خصوصی توجہ دے گا جہاں آگ لگنے کے امکانات سب سے زیادہ ہیں۔ فائر کمشنر رابرٹ ایس ٹکر نے اس موقع پر 59 کمیونٹی بورڈز کے لیے ’’کمیونٹی رسک اسیسمنٹس‘‘ جاری کرنے کا اعلان بھی کیا، جو ہر علاقے میں ہنگامی تیاری اور ممکنہ خطرات کا تجزیہ فراہم کریں گے۔ ان اقدامات میں عوامی آگاہی مہم، مقامی حکام کے ساتھ مل کر شعور اجاگر کرنا اور کمیونٹی میٹنگز میں شرکت شامل ہے۔ میئر ایڈمز نے کہا کہ ان کی انتظامیہ غیر محفوظ ای-بائیکس، ای-سکوٹرز اور لیتھیم آئن بیٹریوں کے خاتمے کے لیے اقدامات کر رہی ہے اور عوام کو ہیٹر سیفٹی، دھوئیں کے الارمز اور کاربن مونو آکسائیڈ ڈیٹیکٹرز کی اہمیت کے بارے میں آگاہ کیا جا رہا ہے۔ فائر کمشنر ٹکر نے کہا کہ ایف ڈی این وائی اس سال 100 سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں خصوصی آگاہی مہم چلائے گا، تاکہ عوام کو آگ سے بچاؤ کے عملی اقدامات سکھائے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد نیویارک سٹی کے ہر محلے کو محفوظ بنانا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق، 2024 میں فائر سیفٹی مہمات کے نتیجے میں شہر میں آگ لگنے سے اموات کی شرح میں 25 فیصد کمی آئی، جب کہ لیتھیم آئن بیٹری سے لگنے والی آگ میں اموات 67 فیصد کم ہوئیں۔ نیویارک سٹی کونسل کی رکن جوان اریولا نے کہا کہ ’’یہ اقدامات کمیونٹی کے لیے نہایت مفید ثابت ہوں گے اور ان سے فائر سیفٹی کے وسائل کے مؤثر استعمال میں مدد ملے گی۔‘‘