نیویارک سٹی کے محکمہ صحت نے مین ہیٹن میں خسرہ کا ایک نیا کیس سامنے آنے کی تصدیق کر دی ہے، جس کے بعد شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق متاثرہ شخص 25 اپریل کو ہیلز کچن کے ایک ریسٹورنٹ میں موجود تھا، جہاں دیگر افراد کے متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ وہ ان تمام افراد کی نشاندہی کر رہا ہے جو اس دوران ریسٹورنٹ میں موجود تھے، تاکہ انہیں بروقت آگاہ کیا جا سکے۔ تاہم اب تک کسی دوسرے فرد میں خسرہ کی تصدیق نہیں ہوئی، اور حکام کے مطابق عام شہریوں کے لیے خطرہ کم ہے کیونکہ زیادہ تر افراد کو ویکسین لگ چکی ہے۔حکام نے واضح کیا ہے کہ خسرہ ایک متعدی بیماری ہے جو خاص طور پر غیر ویکسین شدہ افراد کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔ اس لیے شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنی ویکسینیشن مکمل رکھیں اور علامات ظاہر ہونے کی صورت میں فوری طبی مدد حاصل کریں۔رپورٹس کے مطابق 2026 کے دوران نیویارک سٹی میں اب تک خسرہ کے چھ کیسز سامنے آ چکے ہیں، جن میں زیادہ تر کا تعلق بین الاقوامی سفر سے ہے۔ صحت کے ماہرین نے ایک بار پھر ویکسین کو اس بیماری سے بچاؤ کا سب سے مؤثر ذریعہ قرار دیا ہے۔