لانگ آئی لینڈ میں مسلم کمیونٹی آف لانگ آئی لینڈ کے زیر اہتمام شاندار افطار ڈنر
لانگ آئی لینڈ، نیویارک – ناسا کاؤنٹی کی مختلف مسلم تنظیموں اور مساجد کے مشترکہ پلیٹ فارم مسلم کمیونٹی آف لانگ آئی ینڈ MCNC کے زیر اہتمام ایک شاندار افطار ڈنر کا انعقاد کیا گیا، جس میں خواتین اور بچوں سمیت سیکڑوں افراد نے شرکت کی۔
افطار ڈنر کے موقع پر مسلم کمیونٹی آف لانگ آئی لینڈ (MCNC کے روحِ رواں اور معروف دینی و سماجی شخصیت عبدالعزیز بھیاں نے تنظیم کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ان کا بنیادی ہدف ناسا کاؤنٹی کے ایک لاکھ سے زائد مسلمانوں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر متحد کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہMCNC کے قیام کے آغاز سے ہی تنظیم نے مسلمانوں کو ایک جگہ اکٹھا کرنے اور ان کے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے کا کام شروع کر دیا تھا۔
انہوں نے مسلم کمیونٹی کی نمائندگی اور اتحاد پر زور دیتے کہ کہ ناسا کاؤنٹی میں ایشین افیئرز کمیٹی کا قیام بھی MCNC کی کوششوں کی بدولت ممکن ہوا، جو علاقے میں مسلم کمیونٹی کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا انتہائی ضروری ہے تاکہ ان کی اجتماعی آواز مضبوط ہو اور وہ اپنے مسائل کو بہتر انداز میں پیش کر سکیں۔
انہوں نے کہا:“ہمارا مقصد مسلمانوں کے درمیان اتحاد پیدا کرنا ہے، ضروری نہیں کہ ہم ہر معاملے میں متفق ہوں، لیکن اگر ہم ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو جائیں تو یہ ناسا کاؤنٹی میں بسنے والے مسلمانوں کے لیے ایک بڑی کامیابی ہوگی۔”
افطار ڈنر میں نیویارک کے معروف نوجوان عالمِ دین مفتی فرحان نے بھی خصوصی شرکت کی اور اتحاد و یکجہتی کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے قرآنِ پاک کا حوالہ دیتے ہوئے کہا:“اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامو اور آپس میں تفرقے میں نہ پڑو، یہی رمضان المبارک کا پیغام بھی ہے۔”
مفتی فرحان نے اس بات پر زور دیا کہ اگر مسلم کمیونٹی آپس میں اتحاد اور یکجہتی کو فروغ دے تو وہ ہر میدان میں کامیابی حاصل کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ مسلمان ایک دوسرے کا ساتھ دیں اور مل کر جدوجہد کریں تاکہ وہ اپنے حقوق کا بہتر دفاع کر سکیں۔
منتظمین کی جانب سے اتحاد کی ضرورت پر زور: پروگرام کے منتظمین علی محمد اور سعید احسن نے بھی اپنے خطاب میں اس اتحاد کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ MCNL کا پلیٹ فارم مسلم کمیونٹی کو متحد کرنے کے لیے ایک مؤثر ذریعہ ثابت ہو رہا ہے
نوجوان قیادت کی بھرپور شرکت افطار ڈنر کے دوران نظامت کے فرائض نوجوان کاروباری شخصیت اور سماجی کارکن حمزہ خمسہ نے انتہائی خوبصورتی سے انجام دیے۔
یہ شاندار اجتماع اس بات کا مظہر تھا کہ لانگ آئی لینڈ میں مسلم کمیونٹی اپنے اتحاد اور یکجہتی کے ذریعے ایک مضبوط پلیٹ فارم بنانے کی جانب گامزن ہے