ڈیلس میں صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے ڈیلس پریس کلب کے قیام کا فیصلہ
ڈیلس: ریاست ٹیکسس کے شہر ڈیلس سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کا ایک غیر رسمی اجلاس مقامی ریسٹورینٹ میں منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈیلس سے تعلق رکھنے والے تمام صحافیوں کو متحد کیا جائے اور انکی فلاح و بہبود کے لئے ایک منظم فورم قائم کیا جائے۔
اجلاس میں وائس آف ساوتھ ایشیا کے چیف ایگزیکٹو زاہد رانا، جاگو ٹائمز کے ایڈیٹر انچیف راجہ زاہد اختر خانزادہ، منیجنگ ایڈیٹر فیاض حسن، نائب صدر امیر علی مکھانی، سوچ ٹی وی کے روح رواں سلمان عابدی اور دیگر شریک ہوئے۔ اس موقع پر شرکا کا کہنا تھا کہ ڈیلس شہر میں سرگرم صحافی انفرادی طور پر کمیونٹی کی خدمت میں مصروف عمل ہیں جس کے سبب کمیونٹی اور میڈٰیا کے درمیان ایک موثر رابطے کا فقدان ہے۔ شہر میں کئی لوگ سوشل میڈیا اور مختلف مقامی اور پاکستانی میڈیا ہاوسز کے ذریعے معلومات کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں تاہم شہر میں انکی فلاح و بہبود اور موثر رابطے کے لئے کوئی پلیٹ فارم موجود ہیں ہے جس کی اشد ضرورت ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈیلس میں صحافیوں کے لئے ایک منظم اور موثر پلیٹ فارم قائم کیا جائے جسے ڈیلس پریس کلب کا نام دیا جائے۔ اس موقع پر صحافیوں کی دو ایکشن کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئیں جو ڈیلس پریس کلب کے قیام کے لئے انتظامی اور قانونی تقاضے پورے کریں گی اور اس بات کو یقینی بنائیں گی کہ جلد از جلد ڈیلس پریس کلب کا باقاعدہ قیام عمل مں لایا جائے۔ اس ضمن میں دونوں کمیٹیاں ایک ماہ بعد آئندہ اجلاس میں پیش رفت سے متعلق آگاہ کریں گی۔یاد رہے کہ ڈیلس پریس کلب کے لئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ ان تمام صحافیوں کو کلب کی رکنیت دی جائے گی جو کسی بھی قسم کے میڈیا سے تعلق رکھتے ہیں یا انفرادی طور پر سوشل میڈیا کے ذریعے کمیونٹی کی خدمت کر رہے ہیں۔