امریکی فوجی طیارہ گر کر تباہ، 4 افراد جاں بحق
واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکی فوج کا طیارہ فلپائن میں گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں امریکی فوج کے ایک اہلکار سمیت تین ڈیفنس کنٹریکٹرز جاں بحق ہوگئے۔
فلپائن میں امریکی سفارت خانے کی جانب سے کہا گیا کہ گرنے والے طیارے کا تعلق امریکی فوج سے تھا۔ انہوں نے کہا حادثے کا شکار طیارہ کنٹریکٹ پر امریکی فوج کے زیر استعمال تھا۔ غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق امریکی سفارت خانے نے طیارہ حادثے سے متعلق مزید معلومات نہیں دیں لیکن سفارت خانے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ امریکی فوج اس حوالے سے مزید تفصیلات جاری کرے گی۔ فلپائن کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی طیارے کے حادثے کی تصدیق کی اور بتایا کہ امریکی فوجی طیارہ میگوئینڈیناؤ ڈیل سر صوبے میں گر کر تباہ ہوا۔ فلپائنی حکام نے بتایا کہ جائے حادثہ سے تمام 4 لاشیں نکال لی گئی ہیں اور شناخت کا تعین کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ شہریوں نے طیارے سے دھواں نکلتے ہوئے دیکھا اور طیارے کے زمین پر گرنے سے پہلے دھماکے کی آواز بھی سنی اور طیارہ فارم ہاؤس سے ایک کلومیٹر سے بھی کم فاصلے پر گرا۔