یومِ یکجہتی کشمیر،سکھ رہنما بھی ہم آواز بن گئے
ہیوسٹن میں پاکستان کے نائب قونصل جنرل اشعر شہزاد نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں کشمیر کی آزادی کی جدوجہد کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے۔وہ یومِ یکجہتی ِ کشمیرکی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالمُ کا شکار کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلے پاکستانی قونصل خانہ ہیوسٹن میں یوم کشمیر کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں فرینڈز آف کشمیر کی چئیر پرسن غزالہ حبیب، وائس قونصل جنرل اشعر شہزاد اور سکھ کمیونٹی کے رہنما ہر دم سنگھ ازاد، سمیت ممتاز سماجی رہنما ڈاکٹرآصف قدیر ، اشرف بشیر اور طاہر بھٹی نے بھی شرکت کی ۔تقریب میں صدر پاکستان اور وزیر اعظم پاکستان کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔ نائب قونصل جنرل اشعر شہزاد کا گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھاکہ 5 فروری کو یوم کشمیر منانے کا مقصد اقوام عالم کو کشمیریوں کے ساتھ کئے گئے حق خود ارادیت کے وعدے کی یاد دہانی کرانا ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوے فرینڈ اف کشمیر کی چئیر پرسن غزالہ حبیب نے کہا کہ بھارت کی ظالمانہ جابرانہ کاروائیوں اور سیاہ قوانین کے نفاذ نے مقبوضہ وادی کو خوف کی وادی میں تبدیل کردیا ہے۔سکھ کمیونٹی کے ممتازرہنما ہر دم آزاد سنگھ نے تحریک آزادی کشمیر کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پہ ڈاکٹر اصف قدیر نے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی اور کشمیری ڈائس پورا کو مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اپنا موثر کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر اشرف بشیر ، طاہر بھٹی اور دیگر نے بھی خطاب کرتے ہوئے کشمیر کے حوالے سے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔